’’ ہینڈ بیگز‘‘ کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں!

   

کسی تقریب میں شرکت کرنا ہو یا پھر سہیلیوں سے میل ملاقات ، خواتین کیلئے پہلا مشکل مرحلہ لباس کا انتخاب ہوتا ہے،اس کے بعد سولہ سنگھار،لیکن اتنی سج دھج کے بعد بھی ساری زیبائش و آرائش اُس وقت تک نامکمل ہے جب تک لباس کی مناسبت سے پرس،کلچ،ہینڈ یا شولڈر بیگ کا انتخاب نہیں ہو جاتا۔ایک وقت تھا جب بازاروں میں ہینڈ بیگز کی گنی چنی ورائٹی نظر آتی تھی مگر اب فیشن میں جیسے جیسے جدت آئی ہے اسی طرح خواتین کے ہینڈ بیگز کی بھی کافی اقسام سامنے آئی ہیں۔ اب بازاروں میں ہر طرح کے ہینڈ بیگز دستیاب ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب خواتین اپنے کپڑوں اور اسٹائل کے مطابق ہینڈ بیگز کا انتخاب کرتی ہیں ۔ خواتین کے پاس بیگ کے معاملے میں لامحدود چوائس ہوتی ہے۔ ہر موقع کی مناسبت سے لاتعداد پرس اور بیگز مارکیٹ میں بہترین قیمت پر دستیاب رہتے ہیں۔مثال کے طور پر خواتین چھوٹے پرس یا کلچ صرف خاص موقع پر استعمال کرنا پسند کرتی ہیں۔ جن میں ان کی چھوٹی چھوٹی اشیاء مثلاً رقم،لپ اسٹک اور موبائل فون آسانی سے سما سکے۔بالکل اسی طرح شاپنگ کیلئے خواتین الگ قسم کے بیگز ساتھ رکھتی ہیں اور اس میں زیادہ تر خواتین شولڈر بیگز لیتی ہیں تاکہ ان کے ہاتھ فری رہیں اور وہ آسانی سے اپنے لئے اشیاء کا انتخاب کر سکیں۔ پرس کا بہترسے بہتر انتخاب آپ کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے، تاہم اس کا انتخاب کافی سوچ سمجھ کر کریں۔جس طرح سے رومال کو بعض لوگ اختیاری اور بعض لازمی سمجھتے ہیں اور یہ نہ صرف لازمی بلکہ مقابل پر آپ کی شخصیت کے متاثر کن اثرات مرتب کرتا ہے ،اسی طرح پرس بھی ایک لازمی سامان ہے اوراس کا استعمال نہ صرف آپ کو بہت سی سہولتیں مہیاء کرتاہے بلکہ یہ مقابل پر آپ کی شخصیت کے مختلف پہلوبھی نمایاں کرتا ہے۔ تاہم پرس کا استعمال لازمی کرنا چاہئے اور اس کے انتخاب کے وقت کئی باتوں کو مدِنظر رکھنا چاہئے۔ ٭پرس اس سائز کا لیں کہ اس میں آپ کی ضرورت کی بنیادی چیزیں مثلاً پن، موبائیل فون انڈیکس، ڈائری، رومال، کاجل، پائوڈر، چھوٹا آئینہ اور کنگھا وغیرہ با آسانی سما سکے۔ اگر آپ کو کپڑے وغیرہ رکھنے ہیں تو انہیں کبھی بھی پرس میں ٹھونسنے کی کوشش نہ کریں، کیونکہ اس سے نہ صرف پرس کی ساخت بگڑ جائے گی بلکہ باہر آپ کی شخصیت کاتاثر بھی خراب کردے گی۔ لہٰذا کپڑوں کیلئے علیحدہ بیگ لیں۔ بعض اوقات آپ کو سفر پر جانا ہو اور آپ اپنی روز مرہ کی اشیاء مثلاً ٹوتھ پیسٹ، برش یا فیس واش اورفیس کریم وغیرہ بھی رکھنا چاہ رہی ہوں تو آپ کو چاہئے کہ ان اشیاء کیلئے علیحدہ تیار کئے گئے پائوچ میں یہ سامان رکھیں یا اپنے ہینڈ بیگ کی کسی سائیڈزپ میںرکھیں۔ بعض خواتین و لڑکیاں ہینڈ بیگ کپڑوں کے کلرزسے میچ کرکے استعمال کرتی ہیں ورنہ سب سے بہتر رنگ سیاہ یا برائون ہیں اور یہ دونوں رنگ ہر طرح کے کپڑوں کے ساتھ ہر محفل میں بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں۔ ٭ اس بات کا دھیان رکھیں کہ گولڈن پرس صرف دلہنوں یا نئی شادی شدہ خواتین پر ہی جچتاہے۔ تاہم ایسی خواتین ولڑکیاں کبھی بھی گولڈن ہینڈ بیگ استعمال نہ کریں جن کی عمر شوخی اور چنچل پن سے تجاوز کر گئی ہوںاور ساتھ ہی ساتھ وہ پرس کے علاوہ جوتوں میں بھی گولڈن رنگ کے استعمال سے گریز کریں۔ ٭ویسے آج کل خوبصورت اور نازک بیگس بھی خواتین کی ترجیح بنے ہوئے ہیں۔ خواتین میں شولڈر بیگز خریدنے کا رجحان بہت عام ہے، یوں تو بیگز کی بہت سی اقسام ہیں جن میں پائوچ، کلچز اور ہینڈ بیگز نمایاں ہیں۔ خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ سوٹ کے ساتھ ہی میچنگ پرس بھی خریدیں ، لیکن آج کل دوسرے بیگس کی بنسبت چین والے بیگس کی مانگ کافی بڑھ گئی ہے۔ کیونکہ یہ بیگس انتہائی خوبصورت دکھائی دینے کے علاوہ کافی معیاری بھی ہوتے ہیں ان کا اسٹائل اور رنگ بھی ان بیگس کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگا دیتا ہے۔٭چین کا زیادہ تر استعمال ہینڈ بیگز، پائوچ اور کلچز میں کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو کلچزاور پائوچ پکڑنے میں چونکہ مشکل پیش نہیں آتی ہے اس لئے خواتین کی مشکل کو دور کرنے کیلئے کلچز میں بھی چین استعمال کی جا رہی ہے۔ چین والے بیگس کافی خوبصورت اور نازک دکھائی دیتے ہیں اس لئے خواتین اور خصوصاً نو جوان لڑکیوں کی بڑی تعداد اس کی خریداری میں دلچسپی لیاکرتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج کل لڑکیوں کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے دکانداروں نے بھی شو پیس کے طورپر چین والے بیگز اپنی دکانوں میں سجا رکھے ہیں۔ یہ بیگس مضبوط ہونے کی وجہ سے سفر کیلئے بھی بہت مفید ثابت ہوتے ہیں کیونکہ ان میں پلاسٹک اور دوسرے عمدہ کوالٹی کے میٹریل کا استعمال کیا جاتا ہے۔