صارفین کی برہمی، ذمہ داران کی عدم دلچسپی سے عوام پریشان
یلاریڈی۔ 8 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت و مرکزی حکومت غریب خاندانوں کو ہر ماہ چاول مفت میں سربراہ تو کررہی ہیں لیکن ذمہ داروں کی لاپرواہی و عدم دلچسپی کی وجہ سے یلاریڈی کے ارزاں فروشی کی دوکانات پر اس ماہ بھی چاول کی جگہ تھیلوں میں کنکی سربراہ کی گئی ہے۔ گزشتہ دو ماہ قبل بھی تمام ارزاں فروشی پر کنکی نما چاول سربراہ کرنے پر صارفین شدید برہمی کا اظہار کرچکے ہیں جس پر متعلقہ عہدیداروں نے اس حرکت کی جانچ کرکے ذمہ داران کو تاکید کی تھی کہ اس طرح کبھی دوبارہ نہ ہو لیکن اس ماہ بھی یلاریڈی سیول سپلائی گودام حدود کے ارزاں فروشی کو عہدیداروں نے چاول کے نام پر کنکی سربراہ کیا ہے۔ یلاریڈی گودام کے تحت 79 ارزاں فروشی کی دوکانات ہیں۔ گزشتہ دو ماہ قبل ان دوکانات کو پداپلی ضلع سے کنکی دار، دھول گرد والے پاوڈر والا چاول سربراہ کیا تھا جس کی شکایتوں کے بعد باقی بچے کنکی کو گودام منتقل کرکے بہتر چاول سربراہ کرنے کی عہدیداروں نے ہدایت دی تھی۔ ضلع سیول سپلائی آفیسر نے بھی گودام میں ان چاولوں کا معائنہ کرکے کنکی کی مقدار زیادہ ہونے سے ان چاول کو پھر سے واپس پداپلی بھیج دینے کا مشورہ دیا تھا لیکن ذمہ داروں نے ایسا نہ کرکے ان ناقص چاول کو یلاریڈی کے ارزاں فروشی دوکانات کو دوبارہ سربراہ کیا۔ اس مرتبہ ذمہ داروں نے ہوشیاری کرکے یہ ارزاں فروشی کو صرف آٹھ سے دس تھیلے کنکی دار چاول کے تھیلے سربراہ کئے تاکہ پتہ نہ چل سکے اور اس طرح کچھ صارفین کو بہترین چاول ملے تو کچھ صارفین کو ناقص چاول ملے جس سے ارزاں فروشی پر ڈیلروں کو صارفین کے ساتھ بحث و تکرار کرتے دیکھا گیا۔ سیول سپلائی کے ضلعی سطح کے عہدیداروں کی نیم دلچسپی سے یلاریڈی سیول سپلائی گودام میں من مانی والے کام ہو رہے ہیں۔ ضلع سیول سپلائی ڈی ایم راجندر کے احکام کے باوجود پھر سے ناقص چاول عدم دلچسپی و لاپرواہی کا واضح ثبوت ہے۔