حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ نے یوریا کی قلت کو فوری دور کرتے ہوئے ریاست میں کاشت کاری کیلئے کسانوں کو راحت فراہم کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ آج یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں بارش ہو رہی ہے اور کسان زرعی سرگرمیوں میں مصروف ہونا چاہتے ہیں لیکن انہیں یوریا کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ طلب کے مطابق کسانوں کو یوریا فراہم نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے کسانوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور یوریا کے حصول کیلئے کسان احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ ریاستی حکومت مرکزی حکومت سے فوری رابطہ کرتے ہوئے ریاست کو درکار یوریا حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور ریاست میں یوریا کی جو بلیک مارکٹنگ ہو رہی ہے اس پر قابو پانے کیلئے ضروری کارروائی کرے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں کبھی بھی یوریا کی قلت نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی یوریا حاصل کرنے کے لئے کسانوں کو قطاروں میں انتظار کرنا پڑا تھا۔ کانگریس کے دور حکومت میں دوبارہ وہی پرانے دن لوٹ آئے ہیں جہاں کسانوں کو قطاروں میں کھڑے ہو کر یوریا حاصل کرنا پڑرہا ہے۔ 2