یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب، چیف منسٹر ریونت ریڈی پریڈ گراؤنڈ پر قومی پرچم لہرائیں گے

   

جاپان کے میئر مہمان خصوصی، 32 اضلاع میں وزراء اور عوامی نمائندوں کی شرکت، سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز
حیدرآباد۔ یکم؍ جون (سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کل 2 جون کو ریاست بھر میں شایان شان پیمانہ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ وہ پولیس عہدیداروں کو ایوارڈس پیش کرنے کے بعد خطاب کریں گے۔ قبل ازیں گن پارک پر شہیدان تلنگانہ کو چیف منسٹر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں جاپان کا سرکاری وفد بطور مہمان شرکت کرے گا۔ جاپان کے کیتاکوشو شہر کے میئر کازوہیسا تاکیچی کی قیادت میں جاپان کا اعلیٰ سطحی وفد حیدرآباد پہنچ چکا ہے۔ جاپان کا اعلیٰ سطحی وفد تلنگانہ حکومت سے مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون پر وزراء اور عہدیداروں سے ملاقات کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ دورہ جاپان کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے میئر کو دورۂ حیدرآباد کی دعوت دی تھی۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کی راست نگرانی میں یوم تاسیس تقاریب کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ گن پارک اور پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد کے اطراف ٹریفک تحدیدات عائد کی گئی ہیں تاکہ چیف منسٹر کی آمد کے موقع پر ٹریفک میں کوئی خلل نہ رہے۔ ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گن پارک اور پریڈ گراؤنڈ پر سرکاری تقریب کے موقع پر متبادل راستہ اختیار کریں۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی صبح 10 بجے قومی پرچم لہرائیں گے جس کے بعد تلنگانہ کا قومی گیت پڑھا جائے گا۔ چیف منسٹر پریڈ کا معائنہ کریں گے اور مارچ پاسٹ کی سلامی لیں گے۔ 10:40 بجے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب ہوگا، وہ 9 اہم شخصیتوں اور پولیس عہدیداروں کو ایوارڈس پیش کریں گے۔ ریاست کے 32 اضلاع میں یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لینے کے لئے ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ حکومت نے تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے منتخب استفادہ کنندگان اور راجیو یووا وکاسم میں منتخب امیدواروں کو منظوری لیٹرس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کھمم ضلع میں یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیں گے۔ وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ کتہ گوڑم، وزیر جنگلات کنڈاسریکھا ہنمکنڈہ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو کریم نگر، وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ محبوب نگر، وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتاکا ملگ، وزیر عمارت و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نلگنڈہ، وزیر صحت دامودر راج نرسمہا سنگاریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر سدی پیٹ، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی سوریا پیٹ، وزیر مال پی سرینواس ریڈی ورنگل اور اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار وقارآباد ضلع میں یوم تاسیس تقاریب میں حصہ لیں گے۔ 1