لکھنؤ: اترپردیش کی سبھی یونیورسٹیوں میں تعینات تدریسی و غیر تدریسی عملے کی حاضری اب آئندہ جون سے بائیومیٹرک سسٹم سے درج کرنے کے نظام کو لازمی طور سے نافذ کردیا جائے گا۔اترپردیش کی گورنر اور ریاستی یونیورسٹیوں کی چانسلر آنندی بین پٹیل کی جانب سے اس ضمن میں جاری حکم نامے میں 30مئی تک ریاست کی سبھی یونیورسٹیوں میں بائیومیٹرک سسٹم لگانے کو کہا گیا ہے جس سے یکم جون سے اسے نافذ کیا جا سکے ۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی کی جائزہ میٹنگوں اور ذرائع سے موصول اطلاعات میں یونیورسٹیوں کے تدریسی و غیرتدریسی اسٹاف ملازمین کے وقت پر ادارے میں حاضر نہیں ہورہے تھے اور اپنے دفتر سے وابستہ فرائض کی ادائیگی میں تساہلی کی بات سامنے آرہی تھی۔ اسی کے پیش نظر نئی تکنیک پر مبنی حاضر نظام کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔گورنر کے ذریعہ پیر کو جاری حکم نامے کے مطابق موجودہ نظام میں حاضری رجسٹر میں ملازمین کی حاضری درج ہوتی ہے ۔ اسی کی بنیاد پر ملازمین کی تنخواہ بھی دی جاتی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اب نئی تکنیک پر مبنی بائیومیٹرک حاضری سسٹم کو لگا کر اسی سے تنخواہ نظام کو بھی جوڑا جائے گا۔