یوپی سمیت 3 ریاستوں میں ضمنی انتخاب کی تاریخ تبدیل

,

   

13 نومبر کی بجائے 20 نومبر کوووٹنگ‘تہواروں کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا فیصلہ
نئی دہلی :الیکشن کمیشن نے اتر پردیش سمیت 3 ریاستوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اتر پردیش، کیرالاا ور پنجاب میں 13 نومبر کی جگہ اب 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ دراصل بی جے پی سمیت کئی اہم پارٹیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ ان ریاستوں میں ووٹنگ کی تاریخ تبدیل کی جائے کیونکہ تہواروں کے سبب لوگوں کو حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔ اسی گزارش کو پیش نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے اتر پردیش، پنجاب و کیرالا میں ضمنی انتخاب 20 نومبر کو کرانے کا فیصلہ کیا۔ ووٹوں کی گنتی پہلے سے مقرر تاریخ یعنی 23 نومبر کو ہی ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی، کانگریس، بی ایس پی، آر ایل ڈی کے علاوہ کئی دیگر قومی و ریاستی پارٹیوں کی گزارش پر الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کی تاریخ میں یہ تبدیلی کی ہے۔ سیاسی پارٹیوں کی طرف سے یہ اندیشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ تہواروں کی وجہ سے 13 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کا فیصد کم ہو سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کی 10 خالی سیٹوں میں سے 9 سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہو رہا ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کی 4 سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہونے والا ہے۔ علاوہ ازیں کیرالا میں وائناڈ لوک سبھا سیٹ اور 2 اسمبلی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخاب 13 نومبر کو ہونا تھا جو اب 20 نومبر کو ہونگے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے مقررہ پروگرام کے مطابق ان 3 ریاستوں سمیت مجموعی طور پر 15 ریاستوں کی 48 مخلوعہ اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کرائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ خالی پڑی لوک سبھا کی 2 سیٹوں پر بھی ووٹنگ کرائی جانی ہے۔ ان سبھی کیلئے ووٹنگ کی تاریخ 13 نومبر مقرر کی گئی تھی لیکن اب اتر پردیش، پنجاب و کیرالا میں ووٹنگ کی تاریخ بدل کر 20 نومبر کر دی گئی ہے باقی ریاستوں میں 13 نومبر کو ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔ون نیشن ون الیکشن کا نعرہ دینے کے باوجودتاریخوں میں اس طرح تبدیلی کی جارہی ہے۔