واشنگٹن :واشنگٹن میں روسی سفارتکار کا کہنا ہیکہ کیف کو امریکی ایف سولہ جنگی طیارے فراہم کرنے سے یوکرین کی جنگ میں ناٹو کی شمولیت پر سوال اٹھیں گے۔ ادھر یوکرین نے باخموت پر روسی ‘قبضے ‘کی تردید کی ہے۔امریکہ میں روس کے سفیر نے 22 مئی پیر کے روز شائع ہونے والے اپنے بعض بیانات میں کہا کہ ایف سولہ جنگی طیارے کیف کو فراہم کرنے سے یوکرین تنازعہ میں ناٹو کی شمولیت سے متعلق سوالات کھڑے ہوں گے۔اناتولی انتونوف نے پیر کے روز سفارت خانے کے ٹیلی گرام چینل پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا، ”یوکرین میں ایف 16 جنگی طیاروں کے آپریشن کے لیے کوئی بنیادی ڈھانچہ تک نہیں ہے اور پائلٹوں اور دیکھ بھال کرنے والے افراد کی مطلوبہ تعداد بھی نہیں ہے۔”ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی صورت میں کیا ہو گا جب امریکی جنگی طیارے ناٹو کے ان ہوائی اڈوں سے پرواز بھریں گے، جن کا کنٹرول غیر ملکی ‘رضاکاروں ‘ کے پاس ہے؟”جمعہ کے روز امریکی صدر جو بائیڈن نے ایف 16 جنگی طیاروں کی فراہمی اور یوکرینی پائلٹوں کے لیے تربیتی پروگرام کے منصوبے کی توثیق کی تھی، جس کے بعد روسی سفارت کار کا یہ بیان سامنے آیا ہے۔اس موقع پر یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بائیڈن کو یقین دلایا کہ امریکی جیٹ طیارے روس کی حدود میں جانے کے لیے استعمال نہیں کیے جائیں گے۔