یوکرین کے خلاف حملے تین دن کیلئے معطل ‘ پوٹن کا اعلان

,

   

جنگ بندی تجاویز کے ساتھ امریکی نمائندوں کے دورہ روس و یوکرین کے پیش نظر فیصلہ

ماسکو ۔ 5 ستمبر ( ایجنسیز ) روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین کے خلاف حملوںکو تین دن کیلئے روکنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی روس کے خلاف حملے روکنے اور جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی ۔ دونوں ممالک کے مابین قیام امن کیلئے بات چیت کرنے امریکی نمائندے اسٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر یوکرین اور روس کا دورہ کر رہے ہیں جس کے پیش نظر دونوں ممالک کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کہا گیا کہ امریکی نمائندے روس اور یوکرین کی جنگ روکنے کی تجویز کے ساتھ یوکرین اور روس کا دورہ کر رہے ہیں ۔ کریملن کے ترجمان ڈیمٹری پیسکوف نے کہا کہ صدر ولادیمیر پوٹن و کمانڈر ان چیف نے آج نصف شب سے تین دن تک یوکرین کے خلاف حملے نہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ امریکی نمائندوں کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب دونوں ہی ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف فضائی حملوں میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ صدر زیلنسکی نے کل ہی روس کے خلاف حملے روکنے اور عارضی جنگ بندی کی تجویز پیش کی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ روس پر ہماری جانب سے کوئی حملے نہیں کئے جائیں گے اور روس کو بھی اسی طرح کا اعلان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندوں کے ساتھ بات چیت اور مذاکرات کیلئے جنگ بندی ہونی چاہئے ۔ زیلنسکی نے کہا تھا کہ یوکرین نے امریکی نمائندوں کی پرواہ کرکے حملے روکنے کا فیصلہ کیا ہے روس کی خاطر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک چاہتا ہے کہ جنگ کو ختم کرنے کے حقیقی امکانات کا جائزہ لیا جائے ۔ یہ جنگ گذشتہ ساڑھے چار سال سے چل رہی ہے ۔ زیلنسکی نے کہا کہ ان کا ملک اسٹیو وٹکاف اور جیرڈ کشنر کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لے گا اور اس بات پر بھی غور کرے گا کہ ان تجاویز پر روس کس طرح کے رد عمل کا اظہار کرتا ہے ۔