۔1987 ء سے قبل ہند میں پیدا شدہ والدین کے بچے بھی مستند و مسلمہ ہندوستانی شہری متصور قرار دیئے گئے ہیں
نئی دہلی ۔ /20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے جمعہ کو واضح کردیا کہ ایسے تمام افراد جو یکم / جولائی 1987 ء سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں یا ایسے افراد جن کے والدین اس تاریخ (یکم جولائی 1987 ء) سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں انہیں شہریت ترمیمی قانون 2019 ء یا ملک گیر این آر سی سے ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ قانون شہریت میں 2004 ء کی ترمیمات آسام کے سوائے ماباقی ملک کے ایسے تمام افراد جن کے ماں باپ کے منجملہ کو ایک ہندوستانی ہے اور نہ ہی غیرقانونی مہاجر ہے تو وہ بھی ہندوستانی شہری تصور کئے جائیں گے ۔ شہریت ترمیمی قانون 2019 ء کے خلاف احتجاج اور حال ہی میں وضع کردہ قانون کے بارے میں سوشیل میڈیا میں مختلف تبصروں کے درمیان یہ وضاحت جاری کی گئی ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ جو بھی یکم / جولائی 1987 ء سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوئے ہیں یا اس سے قبل ان کے والدین اس ملک میں پیدا ہوئے ہیں تو وہ ہندوستانی متصور کئے جائیں گے ۔ جہاں تک آسام کا تعلق ہے وہاں کی ہندوستانی شہری کی شناخت کی تاریخ 1971 ء مقرر ہے ۔ ملک بھر میں این آر سی کے نفاذ کے امکان کے بارے میں ایک سوال پر عہدیدار نے جواب دیا کہ اس موضوع پر فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ اس مسئلہ پر ہنوز کوئی تبادلہ خیال ہی نہیں کیا گیا ہے ۔ عہدیدار نے کہا کہ ’ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آسام میں کئے گئے این آر سی سے شہریت ترمیمی قانون کا تقابل نہ کریں کیونکہ آسام میں شہریت کیلئے مقررہ تاریخ اس سے الگ ہے ‘ قانون شہریت میں 2004 ء میں کی گئی ترمیمات کے مطابق جو کوئی /26 جنوری 1950 ء سے یا اس کے بعد لیکن یکم / جولائی 1987 ء سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوا ہے ، ایسا کوئی بھی فرد جو یکم / جولائی 1987 ء کے بعد لیکن /3 ڈسمبر 2004 ء سے قبل ہندوستان میں پیدا ہوا ہے اوراس کی پیدائش کے وقت اس کے ماں باپ میں اگر کوئی ایک بھی ہندوستانی شہری تھا تو وہ ہندوستان کا باضابطہ شہری ہوگا ۔ لیکن /10 ڈسمبر 1992 ء یا اس کے بعد جو افر اد ہندوستان کے باہر لیکن /3 ڈسمبر 2004 ء سے قبل پیدا ہوئے تھے اور اس کی پیدائش کے وقت ان کے والدین پیدائشی طورپر ہندوستانی شہری تھے تو وہ بھی ہندوستانی شہری ہوں گے ۔ کوئی بھی شخص اگر /3 ڈسمبر 2004 ء یا اس کے بعد ہندوستان میں پیدا ہوا ہے اوراس کی پیدائش کے وقت اس کے ماں باپ دونوں ہی ہندوستانی تھے یا پھر دونوں میں سے کوئی ایک ہندوستانی تھا اور دوسرا غیر قانونی مہاجر نہیں تھا تو وہ افراد بھی ہندوستانی ہی ہوں گے ۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں گزشتہ ہفتہ اس حساس قانون کو منظوری دیئے جانے کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد احتجاج پھوٹ پڑا ہے ۔ پولیس فائرنگ کے نتیجہ میں تاحال کم سے کم 9 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوچکے ہیں ۔