للت پور: ضلع للت پور کے صدر کوتوالی علاقے میں 17 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ عصمت دری کے معاملے میں پولیس نے اب تک سات ملزموں کو گرفتار کیا ہے جن میں سماج وادی پارٹی (ایس پی)، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رہنما اور ایک انجینئر شامل ہیں۔للت پور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) نکھل پاٹھک نے ہفتہ کو بتایا کہ صدر کوتوالی میں 12 اکتوبر کو ایک لڑکی کے ساتھ مختلف مقامات پر مبینہ طور پر عصمت دری کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سات ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے جمعہ کو مرزا پور ضلع ہیڈ کوارٹر میں ایک ہوٹل پر چھاپہ مارا اور ایس پی کے للت پور ضلع صدر تلک یادو، بی ایس پی کے ضلعی صدر دیپک اہیرور اور انجینئر مہندر دوبے کو گرفتار کیا، جنہیں عدالت نے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا۔ اس کیس میں چار دیگر ملزمین کی گرفتاری کے ساتھ اب تک مجموعی طور پر 7 ملزمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔