نئی دہلی 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ 2000 ء کے تحت 2011 ء سے 2016 ء تک سائبر کرائم کے واقعات میں 457% اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسوچم ۔ این ای سی کے مشترکہ تحقیقاتی جائزہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ Symantec Corp نے ہندوستان کو 2012-17 ء کے درمیان سائبر کرائم سے متاثر ہونے والے ٹاپ پانچ ممالک میں شامل کیا ہے۔ اِس مدت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں 44 فیصد اضافہ ہوا جس میں ہندوستان کا امریکہ اور چین کے بعد تیسرا نمبر ہے۔ جدید ترین ٹیکنالوجی جیسے آرٹیفیشل انٹلی جنس، فیشل ریکگنیشن وغیرہ کو بروئے کار لاتے ہوئے مشتبہ افراد / مجرمین کی شناخت کرتے ہوئے اُنھیں پکڑا گیا ہے اور اِس طرح مختلف لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں نے بیداری پیدا کرنے کا کام بھی کیا ہے۔ تاہم اِن ٹیکنالوجیز پر عمل آوری قومی سطح پر نہیں بلکہ ریاستی سطح پر ہورہی ہے جس کی وجہ سے سائبر کرائم پر پوری طرح قابو پانے میں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔