آؤٹر رنگ روڈ کو ریجنل رنگ روڈ سے مربوط کرنیکی منصوبہ بندی

   

محکمہ عمارات و شوارع سے تعمیری کاموں کا جائزہ، وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی عہدیداروں کے ساتھ مشاورت

حیدرآباد۔11۔اگسٹ(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے آؤٹر رنگ روڈ سے ریجنل رنگ روڈ کو مربوط کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی جار ہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ حکومت کے محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کو مربوط کرنے کے لئے 2300تا2400 کیلو میٹر کی سڑکوں کی تعمیر کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے ۔محکمہ کے ذرائع کے مطابق حکومت کے محکمہ مال و دیگر متعلقہ محکمہ جات کے درمیان اب تک ہونے والی مشاورت سے اس بات کا اندازہ لگایا گیا ہے مجموعی طور پر 700کیلو میٹر میں 70ہزار ایکڑ اراضیات موجود ہیں اور مرحلہ وار انداز میں اسے دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے کلسٹرس کے طور پر ترقی دینے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اس سلسلہ میں اپنے محکمہ کے عہدیداروں کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے مشاورت کا آغاز کردیا ہے اور ابتدائی طور پر آؤٹر رنگ روڈ کو ریجنل رنگ روڈ سے مربوط کرنے کے لئے 350 کیلو میٹر کے حدود میں کلسٹرس کی ترقی کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ دوسرے مرحلہ میں مابقی 350کیلو میٹر کے حدودکو ترقی دینے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے کی جانے والی منصوبہ بندی کے مطابق ORRاور RRR کے درمیان تعمیر کی جانے والی جملہ سڑکوں کا احاطہ کرنے پر یہ سڑکیں 2300یا2400 کیلو میٹر کی ہوسکتی ہیں اور اس سلسلہ میں قطعی منصوبہ بندی کے بعد آئندہ 3 ماہ میں کاموں کا آغاز کردیئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کو مربوط کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے تیار کئے جانے والے منصوبہ کے مطابق انر رنگ روڈ ‘ آؤٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کو مربوط کرنے کے لئے 9 مختلف راہداریاں تیار کی جائیں گی اور ان راہداریوں کے درمیان کلسٹرس کی تیاری کے ذریعہ 70 ہزار ایکڑ اراضی کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق چوٹ اپل‘ شیواننا گوڑہ ‘ مری گوڑہ‘ آمنگل ‘ شادنگر ‘ چیوڑلہ ‘ نواب پیٹ ‘ سنگاریڈی ‘ کندی ‘ نرسا پور‘ توپران ‘ گجویل‘ جگدیو پور اور بھونگیر کے راستوں سے آؤٹر رنگ روڈ کو ریجنل رنگ روڈ سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جانے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے ان کاموں کی عاجلانہ شروعات کے ساتھ ساتھ معینہ مدت میں انہیں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔3
ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ کے دوران حکومت کی جانب سے ان راہداریوں کی تعمیراور ترقی کے سلسلہ میں ٹنڈر طلب کرنے کے اقدامات کئے جانے کی توقع ہے۔3