برسبین : آسٹریلیا کے کرکٹ کپتان آرون فنچ نے کہا کہ آئرلینڈ نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک بہترین مظاہرہ کیا ہے اور اس نے انگلینڈ جیسی ٹیم کو شکست دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف مقابلہ میں تن آسانی سے کام نہیں لے گی اور نہ ہی آئرلینڈ کو کمزور ٹیم سمجھا جائیگا ۔ آسٹریلیا کا سوپر 12 گروپ 1 میں پیر کو آئرلینڈ سے مقابلہ ہونے والا ہے ۔ ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل ماہرین آئرلینڈ کو زیادہ اہمیت دینے تیار نہیں تھے ۔ آرون فنچ کا کہنا ہے کہ یقینی طور پر اب تک ٹورنمنٹ میں اس ٹیم نے اچھا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے انگلینڈ جیسی اچھی ٹیم کو بھی شکست دی ہے ۔ آسٹریلیا جب اس ٹیم سے مقابلہ کرے گی تو اسے کمزور نہیں سمجھا جائیگا اور نہ ہی تن آسانی سے کام لیا جائیگا ۔ آرون فنچ نے کہا کہ آئر لینڈ کی ٹیم میں کچھ اچھے اور باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں۔ انہیں اچھا تجربہ بھی مل رہا ہے ۔ ایسے میں یہ ایسی ٹیم نہیں ہے جسے کمزور سمجھا جاسکے یا اس کے خلاف تن آسانی سے کام لیا جاسکے ۔ اگر وکٹ سے بولرس کو مدد ملتی ہے تو آئرلینڈ میں اچھے بولرس کی بھی کمی نہیں ہے ۔ وہ صورتحال سے فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ آرون فنچ نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ٹیم اپنے کھیل کو بہتر بنائے اور بنیادی امورپر توجہ دے ۔ اس کے بعد کھیل میں اچھے مواقع دستیاب ہوسکتے ہیں۔ بعض وکٹس اچھے اسکورس کیلئے معاون ہوتی ہیں اگر ایسا ہے تو ان سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔ آرون فنچ نے کہا کہ کھیل کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے وہ اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرسکتے ہیں اور ضرورت پر چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فیصلہ سے قبل ٹیم کے موقف کو پیش نظر رکھنا ہوتا ہے اور یہ ذہن نشین رکھنے کی ضرورت ہوگی کہ کونسا کھلاڑی کس طرح سے ٹیم کیلئے مفید اور فائدہ مند ہوسکتے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئرلینڈ کے خلاف میچ میں دو اسپنرس کو بھی شامل کرسکتے ہیں اگر پچ اسپنرس کیلئے معاون لگے۔