آئندہ دو برسوں میں2400 ایم بی بی ایس کی نشستیں دستیاب

   

حکومت کی جانب سے 16 گورنمنٹ میڈیکل کالجس کا قیام

حیدرآباد : 20 ستمبر ( سیاست نیوز) ریاست میں آئندہ دو سال کے دوران 2400 نئے ایم بی بی ایس کی نشستیں دستیاب ہوں گی ۔ تلنگانہ حکومت نے 2022-23ء میں 8 اور سال 2023-24ء میں مزید 8 اس طرح 2سال کے دوران 16 گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک گورنمنٹ میڈیکل کالج 150 ایم بی بی ایس نشستوں سے قائم ہورہا ہے ۔ سال 2022-23ء میں سنگاریڈی ، محبوب آباد ، منچریال ، ونپرتی ، بھدرا دری کتہ گوڑم ، جگتیال ، ناگر کرنول ، راما گنڈم ( سنگارینی ) میں جملہ 8 گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرنے کی حکومت نے منظوری دے دی ہے ۔ 23 ستمبر کو قومی طبی کمیشن کے پاس محکمہ صحت تلنگانہ کی جانب سے درخواستیں داخل کی جارہی ہیں ۔ ایک میڈیکل کالج کیلئے 350 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کا منسلک ہونا لازمی ہے جس پر حکومت نے توجہ مرکوز کردی ہے ۔ متعلقہ ہاسپٹلس میں بیڈس کی تعداد میںاضافہ کرنے کے ساتھ بنیادی سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ جاریہ سال نومبر ۔ ڈسمبر میں قومی طبی کمیشن کے وفد کا دورہ تلنگانہ کا امکان ہے ۔ نئے میڈیکل کالجس میں پہلے سال سے کلاسیس کے انعقاد کیلئے ضرورت کے مطابق تمام بنیادی سہولتیں جنگی خطوط پر انجام دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ فی الحال سنگاریڈی ہاسپٹل میں 400 بیڈس موجود ہیں ۔ منچریال میں 200 ، محبوب آباد میں 170 ، ونپرتی ۔ جگتیال ہاسپٹلس میں 150 بیڈس ناگرکرنول میں 120، کتہ گوڑم میں 100بیڈس ہیں ۔ ان تمام ہاسپٹلس میں 30 نومبر تک زائد بیڈس کا قیام اور دوسری سہولتیں فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ سال 2023-24ء میں وقارآباد ، سرسلہ ، جئے شنکر بھوپال پلی ، کاماریڈی اضلاع کے علاوہ مزید 4 اضلاع میں نئے میڈیکل کالجس کے قیام کیلئے منظوریاں حاصل کی جارہی ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل عثمانیہ ، گاندھی ، کاکتیہ ، عادل آباد ، نظام آباد میں ہی میڈیکل کالجس قائم تھے ۔ سال 2014ء کے بعد محبوب نگر ، سدی پیٹ ، نلگنڈہ اور سوریا پیٹ میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم ہوئے ہیں ۔ ان 9 گورنمنٹ کالجس میں فی الحال 1640 ایم بی بی ایس کی نشستیں موجود ہیں ۔ (N)