آئندہ دو ہفتوں تک ریاست میں موسم معمول کے مطابق رہے گا

   

حیدرآبادیکم اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ ماہ کے وسط تک موسم معمول کے مطابق رہے گا اور بارش میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا بلکہ بعض اضلاع میں آئندہ دنوں درجہ حرارت میں اضافہ کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ تلنگانہ میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ اب ختم ہوچکا ہے اور مانسون میں معمول کے مطابق بارش ہوگی جو کہ معتدل ہو گی لیکن کئی اضلاع میں درجہ حرارت آئندہ دو ہفتوں میں 35تا37 ڈگری تک بھی پہونچنے کا خدشہ ہے جبکہ شہر میں درجہ حرارت 32 ڈگری تک ریکارڈ کی جائے گا۔ دونوں شہروں میں گذشتہ شب گئی بارش کے بعد آج مطلع ابرآلود رہا لیکن دوپہر کے وقت دھوپ اور گرمی میں اضافہ ہوا ۔ خانگی ماہرین کے مطابق شہر و نواحی علاقوں میں آئندہ 48 گھنٹوں میں معمول کی ہلکی اور تیز بارش ہوگی یا بوندا باندی ہوگی لیکن شدید بارشوں کا امکان نہیں ہے۔