حیدرآباد۔17جنوری(سیاست نیوز) ہوا میں اڑنے والی ٹیکسی کی سہولت آئندہ ایک سال میں شہر حیدرآباد میں حقیقت کا روپ اختیار کرلے گی۔شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کمپنی ماروت ڈرونس نے ہیلی کاپٹر طرز کی ٹیکسی سہولت والی فلائینگ ٹیکسی کے آغاز کے لئے جاپانی کمپنی اسکائی ڈرائیو کے ساتھ معاہدہ کو قطعیت دے دی ہے اور اس معاہدہ کے بعد شہر حیدرآباد میں تین نشستی فلائنگ ٹیکسی سہولت سال 2024 کے اواخر تک حقیقت میں تبدیل ہوجائے گی۔ماروت ڈرون کمپنی کے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کی جانب سے کئے گئے انکشاف کے مطابق حیدرآباد میں یہ سہولت سال 2025کے اوائل میں عوام کے لئے دستیاب کروانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور فلائنگ ٹیکسی کی اس سہولت کا ماحولیات پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوگا بلکہ بہتر سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے گی۔کمپنی کے مطابق الکٹرک بیاٹری کے ذریعہ چلنے والی اس فلائنگ ٹیکسی کا استعمال ہیلی کاپٹر کے طور پر ہی کیا جائے گا لیکن بیاٹری سے چلنے والی ہوائی گاڑی ہونے کے سبب اس میں کوئی زیادہ آواز نہیں ہوگی اور نہ ہی یہ فضاء میں اڑنے والی گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بنیں گی۔انہو ںنے بتایا کہ اس فلائینگ ٹیکسی کی قیمت 1تا5کروڑ کے درمیان ہوں گی جو کہ تین افراد کی گنجائش والی ہوں گی۔شہر سے تعلق رکھنے والی کمپنی ماروت ڈرون کے سی ای او نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے جاپانی کمپنی اسکائی ڈرائیو سے معاہدہ کیا ہے ۔3
اور اس کمپنی کے تعاون و اشتراک کے ذریعہ ہی اس ٹیکسی کی سہولت کے آغاز کی حکمت عملی و منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔3