آئندہ نسل کو محفوظ کرہ ارض کی فراہمی ضروری

   

ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت، یوم عالمی ارض پر کے سی آر کا پیام
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عالمی یوم ارض کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ چیف منسٹر نے اپنے پیام میں رامائن کے ایک مشہور قول کا حوالہ دیا جس میں کہاگیا ہے کہ یہ سرزمین جس پر ہم رہتے ہیں ، وہ جنت سے بھی زیادہ عظیم ہے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ہم تمام کو رامائن کے اس قول کو آئیڈیل بناتے ہوئے جس مقام اور علاقہ میں رہتے ہیں ، وہاں کے ماحول کا تحفظ یقینی بنانا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے ہر شخص پر ذمہ داری عائد کی کہ وہ اپنے رہائشی علاقہ اور مقام کا خیال رکھیں اور وہاں سرسبز و شاداب ماحول کے علاوہ صفائی کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے ہر شہری سے خواہش کی ہے کہ وہ یوم ارض کے موقع پر عہد کرے کہ ماحول کا تحفظ کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کو سرسبز و شاداب اور صاف ستھری ریاست میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ہریتاہرم پروگرام پر کامیابی سے عمل کیا جارہا ہے۔ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگراموں کے ذریعہ دیہی اور شہری علاقوں میں صفائی اور شجرکاری کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عمل کئے جارہے مختلف پروگراموں اور پراجکٹس کے ذریعہ پانی کی قلت سے دوچار علاقوں اور بنجر اراضیات کو زرخیز بنانے کی مساعی جاری ہے۔ تالابوں اور ذخائر آب کو پانی سے لبریز کیا جارہا ہے ۔ ریاست کے ہر گوشے میں پانی کی رسائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست میں جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کے علاوہ چرند اور پرند کی آبادی میں بھی اضافہ ہوا جس سے ماحولیاتی توازن کی برقراری میں مدد ملی ہے۔ ان اقدامات کے سبب ریاست میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شعور میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا جیسے وبائی امراض کے ذریعہ زمین کو لاحق خطرات کو سمجھنے اور ماحول کے تحفظ میں اپنا تعاون پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ کرہ ارض دینے کی ضرورت ہے تاکہ خوشیوں کو آئندہ نسلوں میں منتقل کیا جاسکے ۔