آئندہ چند یوم میں موسم میں نمایاں تبدیلی

   

حیدرآباد۔2۔اپریل(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ چند یوم کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی رونما ہوگی اور اس سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ آئندہ دو تا تین یوم میں اس بات کی قطعی پیش قیاسی ممکن ہوگی کہ موسم میں کس طرح کی تبدیلی رونما ہوں گی ۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں فی الحال موسم خشک اور گرم ریکارڈ کیا جا رہاہے اور شہر حیدرآباوسکندرآباد کے بیشتر علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے ۔ موسم کی شدت میں ہونے والے اضافہ کے دوران محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اپریل تا جون کے دوران نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک کی مختلف ریاستوں میں غیر متوقع گرمی کی لہر ریکارڈ کی جائے گی جبکہ خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ماہ اپریل کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے امکانات بہت کم ہیں اور جنوبی ہند کی ریاستوں بالخصوص تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں غیر موسمی بارش کے امکانات پائے جاتے ہیں۔م