آئندہ ہفتہ کسی بھی وقت تلنگانہ کابینہ میں ردوبدل متوقع

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔21۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی اور توسیع کے سلسلہ میں سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور کہا جار ہاہے کہ کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں جاری مشاورت جلد ہی دہلی منتقل ہوجائے گی اور بیشتر قائدین جو کابینہ میں شمولیت کے لئے کوشاں ہیں وہ دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ‘ صدرپردیش کانگریس مسٹر مہیش کمار گوڑ ‘ محترمہ میناکشی نٹراجن کے علاوہ دیگر سینیئر قائدین نے اس سلسلہ میں متعدد ملاقاتوں کے دوران کابینہ میں ردوبدل کو منظوری دے دی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران کسی بھی وقت کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں اقدامات کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاستی کابینہ میںشامل تین وز راء کو کابینہ سے باہر کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر تین وزراء کے قلمدانوں کو تبدیل کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے اور جن تین وزراء کو کابینہ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ان کی جگہ سماجی انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے نئے وزراء کو شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار بھی ریاستی کابینہ میں تبدیلی کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات سے متعلق واقف ہیں۔ کابینہ میں ردوبدل کے ساتھ ہی بڑے پیمانے پر ہونے والے امکانی تبادلوں کے پیش نظر خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ذرائع کے مطابق کابینہ میں ردوبدل کے سلسلہ میں سیاسی سطح پر جاری مشاورت اور کانگریس کے اعلیٰ قائدین کے درمیان ہونے والی مشاورت کو انتہائی راز میں رکھنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ پارٹی میں کسی بھی طرح کی ناراضگیوں کو پنپنے نہ دیا جائے ۔3