آئین سے نفرت کرنے والے ہمیں آئین کا سبق سکھائیں گے؟‘

,

   

راجیہ سبھا میں بی جے پی پر صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی تنقید‘ نرملا سیتا رامن سے نوک جھونک
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں آئین پر بحث جاری ہے اور اپوزیشن کی جانب سے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بحث کا آغاز کیا۔انہوں نے کہا کہ آئین سے نفرت کرنے والے کیا ہمیں آئین کا سبق سکھائیں گے ؟۔ انہوں نے اندرا گاندھی کی حکومت کے دور میں بنگلہ دیش کی آزادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ افراد کو قید کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا مگر ’آئرن لیڈی‘ اندرا گاندھی نے یہ ثابت کر دیا کہ اگر آپ ہمارے قریب آئیں گے تو آپ کی خیر نہیں! کھرگے نے وزیر فینانس نرملا سیتارمن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے میونسپلٹی کے اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے اور وہ جے این یو سے تعلیم یافتہ ہیں لہذا ان کی انگریزی بہتر ہو سکتی ہے مگر ان کے کرتوت بہتر نہیں ہیں۔ کھرگے نے احمد فراز کے شعر ’تم خنجر کیوں لہراتے ہو…‘ سے حکومت پر تنقی کی ۔کھرگے نے کہا کہ آپ سوشلسٹ ہونے کی بات کرتے ہیں مگر آپ وہ لوگ ہیں جو پرچم، اشوک چکر اور آئین سے نفرت کرتے ہیں۔ آپ وہ لوگ ہیں جنہوں نے آئین بننے کے وقت اس کو جلایا تھا۔ رام لیلا میدان میںجب آئین نافذ ہوا آپ لوگوں نے نہرو، بابا صاحب اور گاندھی جی کے مجسمے جلا کر آئین کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کیا۔ آپ کو شرم آنی چاہیے، تاریخ پڑھیں۔کھرگے نے کہا کہ یہ آئین آزادی کی جنگ کے بعد تعمیر ہوا۔ نہرو نے آئین کو انتخابی مہم کا مرکز بنایا تھا۔ گاندھی جی نے کہا تھا کہ نہرو نے مجھے آئین ساز اسمبلی کے قیام کے اثرات کا مطالعہ کرنے پر مجبور کیا تھا۔ آپ حقائق کو توڑ مروڑ کر لوگوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ آپ جس یونیورسٹی سے آئے ہیں وہ جمہوریت میں پختہ یقین رکھتی ہے لیکن یہاں جمہوریت کو ختم کرنے کی بات ہو رہی ہے۔آر ایس ایس کے رہنماؤں نے آئین کی مخالفت کی کیونکہ یہ منوسمرتی پر مبنی نہیں تھا۔ ان لوگوں نے نہ آئین کو تسلیم کیا اور نہ ہی ترنگا پرچم کو اور اسی وجہ سے 2002 میں کورٹ کے حکم پر آر ایس ایس ہیڈکوارٹر پر ترنگا لہرایا گیا۔کھرگے نے کہا کہ ہمارا آئین ہر فرد کو طاقتور بناتا ہے اس میں امتیاز کی گنجائش نہیں ہے لیکن آئین کو خطرہ ہے۔ ہمیں اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رکھنے کے لیے محتاط رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس نے جمہوریت کے بارے میں بہت باتیں کیں لیکن وہاں خواتین کو ووٹنگ کے حقوق نہیں تھے لیکن ایک ہی ملک ہے جہاں آئین کے نفاذ کے دن سے سب کو حق رائے دہی ملا۔ کیا یہ نیہرو، ڈاکٹر امبیڈکر یا آئین ساز اسمبلی کا کمال نہیں تھا؟ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے عملوں کی حقیقت کو چھپاتے ہیں، لیکن ہمیں ان کے بارے میں سچ جاننا ہوگا۔