اداکارہ گولڈ اسمگلنگ کیس، دبئی سے سونا لانے کا انوکھا طریقہ بے نقاب

   

بنگلورو: معروف کنڑ فلم اداکارہ رانیا راؤ کو ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس نے دبئی سے 12.86 کروڑ روپے مالیت کا 14.2 کلو سونا اسمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ رانیا کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں گولڈ اسمگلنگ کا معاملہ زور پکڑ گیا ہے، اور یہ بحث جاری ہے کہ ایئرپورٹس پر سخت سیکیورٹی کے باوجود یہ کیسے ممکن ہوا؟تحقیقات کے مطابق، رانیا راؤ ایک منظم گولڈ اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ رہی اور پچھلے ایک سال میں تقریباً 30 مرتبہ دبئی کا سفر کر چکی تھیں۔شبہ کیا جارہا ہے کہ وہ ہر بار مختلف چالاک طریقوں سے سونا بھارت اسمگل کرتی رہی ۔ رانیا کو فی کلو سونا لانے کے بدلے 1 لاکھ روپے معاوضہ دیا جاتا تھا۔رانیا راؤ جانتی تھی کہ خواتین کی مکمل جسمانی تلاشی کم لی جاتی ہے، اس لیے اداکارہ نے اپنی ران (Thigh) اور کمر پر سونے کے بسکٹ چپکانے کے لیے خاص ٹیپ کا استعمال کیا۔ اس طریقے سے وہ کئی بار سیکیورٹی کو چکمہ دینے میں کامیاب رہی۔اداکارہ نے خاص طور پر ڈیزائن شدہ جیکٹس اور رِسٹ بیلٹس تیار کروائے، جن میں خفیہ خانے موجود تھے۔ وہ دبئی سے بھارت آتے ہوئے انہی جیکٹس اور بیلٹس میں سونا چھپا کر لاتی تھی، جو ایئرپورٹ اسکینرز کو دھوکہ دینے کے لیے خاص طور پر تیار کئے گئے تھے۔
ایرپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کی ملی بھگت
تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ رانیا راؤ کو بنگلورو ایئرپورٹ پر تعینات بعض سیکیورٹی اہلکاروں کا تعاون حاصل تھا۔ کانسٹیبل بسوراج نے اداکارہ کو سکیورٹی چیک سے بچانے کی کوشش ۔جب افسران نے رانیا کی تلاشی لینے کی کوشش کی تو بسوراج نے انہیں روک کر کہا:’’تم جانتے ہو یہ کون ہیں؟ یہ DGP رام چندر راؤ کی بیٹی ہیں!‘‘۔رانیا راؤ گزشتہ 15 دنوں میں 4 مرتبہ دبئی جا چکی تھی، جس پر DRI کو شک ہوا اور وہ اداکارہ کی خفیہ نگرانی کر رہے تھے۔جب وہ ایئرپورٹ پر پہنچیں تو اداکارہ کی مدد کے لیے پہلے سے موجود کانسٹیبل بسوراج نے اسے بچانے کی کوشش کی، لیکن ڈی آر آئی ٹیم نے پہلے ہی گھات لگا رکھی تھی۔ جب رانیاراؤ کی مکمل تلاشی لی گئی تو ان کی جیکٹ کے اندر سے 14.2 کلو گرام غیر ملکی سونا برآمد ہوا، جس کی بازار میں مالیت 12.86 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔رانیا راؤ سے مسلسل پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ کن لوگوں کے لیے کام کر رہی تھی اور گولڈ اسمگلنگ نٹ ورک میں کون کون ملوث ہے۔ ڈی آر آئی نے بنگلورو ایئرپورٹ کے کئی سیکیورٹی اہلکاروں سے بھی تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔
یہ معاملہ ایک بڑے اسمگلنگ نٹ ورک کی جانب اشارہ کرتا ہے، جس میں اداکاروں، بڑے تاجرین اور ایئرپورٹ سکیورٹی اہلکاروں کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ رانیا راؤ کی گرفتاری کے بعد یہ بحث زور پکڑ گئی ہے کہ بھارت میں گولڈ اسمگلنگ کا نٹ ورک کتنے بڑے پیمانے پر کام کر رہا ہے، اور ایئرپورٹ سیکیورٹی میں کہاں خامیاں موجود ہیں؟