ڈی آر ڈی ایل کا کنٹراکٹ ملازم ملکارجن ریڈی گرفتار
حیدرآباد /17 جون ( سیاست نیوز ) ڈیفنس کی خفیہ اطلاع کو آئی ایس آئی کے حوالے کرنے والے کنٹراکٹ ملازم کو رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ اس کی ساتھی خاتون مفرور ہے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر اور بالاپور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں آئی ایس آئی کی خاتون کو خفیہ اطلاع فراہم کرنے والے مشتبہ دہشت گرد ملکارجن ریڈی عرف ارجن کو گرفتار کرلیا ۔ 29 سالہ ملکارجن ریڈی ڈی آر ڈی ایل میں کنٹراکٹ ملازم تھا ۔ پولیس اس معاملہ میں نتاشا راؤ عرف سمرن چوپڑا عرف اومیشاری کو تلاش کر رہی ہے ۔ ملکارجن مارچ 2020 سے نتاشا راؤ سے رابطہ میں تھا فیس بک پر ان کی دوستی ہوئی تھی ۔ نتاشا راؤ نے خود کو برطانیہ ڈیفنس جنرل ملازمہ ظاہر کیا اور دونوں میں دوستی ہوئی ۔ خاتون نے بتایا کہ وہ سابق میں بنگلور میں رہ چکی ہے ۔ اسکے والد انڈین ایرفورس سے تھے ۔ بعد میں یہ لوگ برطانیہ منتقل ہوگئے ۔ بات چیت کے دوران ریڈی نے خفیہ اطلاعات کا تبادلہ کیا اور گرفتار ملکارجن ریڈی نے اپنا بنک اکاونٹ بھی نتاشا راؤ کے حوالے کیا ۔ ڈسمبر 2021 تک ریڈی نتاشا راؤ کے رابطہ میں تھا ۔ ملکارجن کا آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم سے بتایا گیا ہے۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ ع