ممبئی ٹیم کیرالا کے مقابل شکست کے جھٹکے سے اُبھرنے کوشاں ۔ نارتھ ایسٹ کی گیارہ ٹیموں میں موجودہ طور پر نویں پوزیشن
فاتوردہ: نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی پیر کے روز جب پنڈت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں یہاں ہیرو انڈین سوپر لیگ (آئی ایس ایل) 2021-22 کے لیگ میچ میں پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پرموجود ممبئی سٹی ایف سی سے مقابلہ کرے گی تو اس کا واحد مقصد جیت کے ساتھ فارم کو حاصل کرنا ہوگا جبکہ ممبئی سٹی گزشتہ شکست کے جھٹکے سے ابھرنے کی کوشش کرے گی۔ نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ گیارہ ٹیموں کے پوائنٹس ٹیبل میں نویں نمبر پر ہے اور آٹھ میچوں میں صرف دو بار جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ ہائی لینڈرز کو بھلے ہی آخری میچ میں اے ٹی کے موہن باغان سے شکست ملی ہو لیکن انہوں نے لڑنے کا جذبہ دکھایا۔ کوچ خالد جمیل کے لڑکے کرسمس کے دو دن بعد ممبئی سٹی کے خلاف میچ جیت کر اپنے مداحوں کو خوش کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب آئی لینڈرز کو پچھلے میچ میں کیرالا بلاسٹرز کے ہاتھوں 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ میں تسلسل اور ٹیم کے توازن کی کمی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی جیت کا سلسلہ دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے ۔ کوچ جمیل نے کہا کہ ممبئی ایک اچھی ٹیم ہے ۔ ہمیں مثبت رہنا چاہیے ۔ ہم انہیں شکست دے سکتے ہیں اور ہمیں اعتماد کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ایک ٹیم اور ایک یونٹ میں ہونا چاہیے ۔ ممبئی کو یقین ہے کہ کیرالا کے مقابل شکست ان کی شاندار فارم میں صرف ایک جھٹکا جیسے تھا۔ کوچ ڈیس بکنگھم کی ٹیم کے سات میچوں میں 15 پوائنٹس ہیں اور وہ آئندہ میچ میں جیت کے ساتھ اپنی ٹاپ پوزیشن کو مضوط کرنے کی کوشش کرے گی۔ ہم نے نہ صرف اپنے میچوں میں ایسا ہوتا دیکھا ہے بلکہ پوری لیگ میں ہوتا رہا ہے ۔ ہمارا کام تیاری کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم سخت محنت کرتے رہیں۔ دونوں ٹیمیں کل جیت کیلئے پُرعزم ہیں۔ توقع ہے مسابقتی مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ ممبئی سٹی اور نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ کے درمیان پچھلے ریکارڈ کو دیکھیں تو دونوں ٹیمیں 14 بار ایک دوسرے کے ساتھ کھیل چکی ہیں۔ ہائی لینڈرز نے 5 میچ جیتے ہیں جبکہ آئی لینڈرز نے 7 میچ جیتے ہیں۔