تفصیلی حلف نامہ داخل کرنے درخواست گذار کو ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سینئر آئی اے ایس عہدیدار سمیتا سبھروال کی جانب سے حال ہی میں معذورین سے متعلق متنازعہ ریمارک کا معاملہ تلنگانہ ہائی کورٹ پہنچ چکا ہے۔ سیول سرویسیس میں معذورین کے لئے علحدہ تحفظات کی مخالفت کرتے ہوئے سمیتا سبھروال نے ریمارکس کئے تھے جس پر مختلف گوشوں سے تنقید کی گئی اور ان سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا گیا۔ سمیتا سبھروال اپنے موقف پر قائم رہیں جس پر ہائی کورٹ میں شکایت کی گئی کہ سماجی جہد کار وسندھرا نے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست داخل کرتے ہوئے سمیتا سبھروال کے خلاف کارروائی کی اپیل کی۔ درخواست گذار نے کہا کہ یونین پبلک سرویس کمیشن کے صدر نشین کو ہدایت دی جائے کہ آئی اے ایس عہدیدار کے خلاف کارروائی کرے۔ سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گذار سے کئی سوالات کئے اور یہ جاننا چاہا کہ آئی اے ایس عہدیدار کے خلاف داخل کی گئی درخواست کو کس طرح قبول کیا جاسکتا ہے۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیدار کے ریمارکس سے معذورین کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور درخواست گذار خود ایک معذور ہے۔ ہائی کورٹ نے تفصیلی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ سمیتا سبھروال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا تھا کہ سیول سرویسیس میں معذورین کی خدمات کی گنجائش کم ہوتی ہے لہذا سیول سرویسیس میں معذورین کے لئے علحدہ تفظات کی ضرورت نہیں۔ اس مسئلہ پر کئی آئی اے ایس عہدیداروں اور جہدکاروں نے احتجاج کیا اور سمیتا سبھروال سے اپنے ریمارکس واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ تلنگانہ حکومت نے بھی سمیتا سبھروال کے ریمارکس سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ واضح رہے کہ سمیتا سبھروال سابق میں بھی اپنے متنازعہ بیانات کے ذریعہ سرخیوں میں رہ چکی ہیں۔ 1