آئی سی سی کا متنازعہ بیلز تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ

   

ٹاؤنٹن ۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں بیلز کا تنازعہ شدید اختیار کررہا ہے اور میچوں کے دوران پانچ مرتبہ گیند بیلز پر لگی اور اسٹمپس نہ گر سکی۔ آئی سی سی نے زنگ بیلز تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کردیا ہے۔ آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنمنٹ کے دوران بیلز کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ ورلڈکپ سے قبل کھیل کے حالات پر تمام ٹیمیں متفق تھیں۔بیلز کی تبدیلی معاہدے کی خلاف ورزی تصور ہوگی۔ آئی سی سی کے مطابق زنگ بیلز 2015 ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی 2016 اور چمپئنزٹرافی میں استعمال ہوئیں۔ یہ ان بیلز سے قطعی مختلف نہیں ہیں۔آسٹریلیائی کپتان ایرون فنچ نے کہا ہے کہ آئی سی سی اب ٹورنمنٹ میں بیلز تبدیل نہیں کرے گا لیکن یہ مسئلہ ضرور ٹیموں کو پریشان کررہا ہے۔ ورلڈکپ میں استعمال کی جانے والی مخصوص زنگ بیلز ہیں جن میں فلیش لائٹس لگی ہوئی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان کی وجہ سے ان کا وزن زیادہ ہو گیا ہے۔ فنچ نے اس بارے میں کہاکہ میرے خیال سے نئے لائٹس والے اسٹمپس کے ساتھ بیلز کچھ وزنی ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے انھیں گرانے میں کچھ زیادہ ہی زورکی ضرورت ہے۔ بیلز نہ گرنے پر کپتانوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ثانیہ مرزا اشتہارات سے ناراض
حیدرآباد۔12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہند۔ پاک ورلڈ کپ مقابلے کے کئی اشتہارات چل رہے ہیں۔ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اس طرح کے اشتہارات سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ ہند۔ پاک میچ 16 جون کوہے۔ اس مقابلے کو ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ بتایا جارہا ہے۔ ثانیہ مرزا نے ٹویٹ کیا کہ سرحد کے دونوں طرف شرمندہ کرنے والے اشہتارات ہیں ؟ گھٹیا باتوں کے ذریعہ میچ کا ماحول بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔