آئی ٹی اکسپورٹس میں تلنگانہ کو غیر معمولی کامیابی

   

Ferty9 Clinic

17.93 فیصد کا اضافہ، چیف منسٹر سے کے ٹی آر اور عہدیداروں کی ملاقات
حیدرآباد ۔21۔ مئی(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کو آئی ٹی اکسپورٹس میں بہتر مظاہرہ پر مبارکباد دی ہے۔ تلنگانہ میں آئی ٹی اکسپورٹ نے 17.93 فیصد اضافہ ہوا جبکہ قومی سطح پر یہ فیصد 8.09 ہے۔ چیف منسٹر نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ قومی آئی ٹی اکسپورٹس میں تلنگانہ کی حصہ داری 10.6 فیصد سے بڑھ کر 11.6 فیصد ہوگئی ہے۔ چیف منسٹر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ ریاست میں آئی ٹی انڈسٹری سے متعلق اداروں کی بہتر کارکردگی کو یقینی بنائیں اور کووڈ۔19 کے پس منظر میں کارکردگی متاثر نہ ہو۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو اور پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے آئی ٹی اکسپورٹس میں اضافہ کی تفصیلات بیان کی ۔ 2018-19 ء میں تلنگانہ کا آئی ٹی اکسپورٹس ایک لاکھ 9 ہزار 219 کروڑ تھا جو 2019-20 ء میں بڑھ کر ایک لاکھ 28 ہزار 807 کروڑ ہوگیا ہے۔ تلنگانہ میں 5 لاکھ 82 ہزار 126 افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزیر آئی ٹی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ کووڈ۔19 کے باوجود آئی ٹی اداروں کی کارکردگی متاثر نہیں ہوئی ہے۔ پرنسپل سکریٹری نے چیف منسٹر کو بتایا کہ کئی آئی ٹی کمپنیوں نے ایک یا دو دن کی تنخواہ کووڈ۔19 سے نمٹنے کیلئے بطور عطیہ دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر آئی ٹی شعبہ میں سرمایہ کاری ہوئی ۔