آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہان کو کانگریس میں سخت سوالات کا سامنا

   

واشنگٹن: امریکی کانگریس کی ایک طاقتور کمیٹی نے دنیا کی چار سب سے بڑی ٹکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان سے ان کے کاروباری معاملات پر تفصیلی پوچھ گچھ کی ہے۔ چہارشنبہ کو کانگریس کی اینٹی ٹرسٹ کمیٹی کے سامنے ایمیزون، فیس بک، ایپل اور گوگل کے چیف ایگزیکٹیوز کی پیشی کوئی پانچ گھنٹے جاری رہی۔ اراکین کانگریس یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اربوں ڈالرکی انڈسٹری پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کیلئے ان کمپنیوں نے چھوٹے حریفوں کو نقصان پہنچا کر مسابقت کے قواعد کی خلاف ورزیاں تو نہیں کیں۔
ایمیزون، فیس بک، ایپل اور گوگل کا شمار دنیا کی طاقتور اور امیر ترین کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ ان کمپنیوں کا موقف ہے کہ آئی ٹی کے دنیا میں ان کی جدت کی بدولت ہی ڈجیٹل انقلاب ممکن ہوپایا ہے جس سے دنیا میں انسانی فلاح و بہبود کو فروغ ملا ہے۔