حیدرآباد ۔ 9 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے علاقہ آئی ٹی کوریڈور میں ٹریفک مسئلہ دوبارہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ہفتہ کے ساتھ دن بھی ٹریفک کا مسئلہ ہورہا ہے ۔ خاص کر پیر سے جمعہ تک ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے ۔ گنیش چتورتھی کے دس دن کے اختتام کے بعد دوبارہ پیر سے ٹریفک مسئلہ پیدا ہوگیا ۔ صبح آٹھ بجے سے 11 بجے تک اور شام 4 بجے سے رات 9 بجے کے درمیان گاڑیاں پھنس رہی ہیں ۔ صبح کے وقت میاں پور چوراہے سے آلوین چوراہے کے راستے حفیظ پیٹ ، کونڈا پور ، مادھا پور ، گچی باولی وغیرہ علاقوں کو جانے والوں کو گھنٹوں ٹریفک جام کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جے این ٹی یو سے ہائی ٹیک سٹی کے راستے ، ایم ایم ٹی ایس ریلوے اسٹیشن سے سائبر ٹاورز اور مائنڈ اسپیس کی طرف جانے والے راستے پر بھی ٹریفک جام ہورہا ہے ۔ گچی باولی ، انجیا نگر ، کونڈا پور اور بوٹانیکل گارڈن علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے ۔ سینئیر حکام کا کہنا ہے کہ دفاتر جانے کے دوران مرکزی راستوں پر آنے اور جانے والے تمام افراد ایک ہی وقت میں آنے سے ٹریفک جام ہورہی ہے ۔ آئی ٹی کوریڈور کی طرف آنے والے زیادہ تر موٹر سائیکل سوار آئی ٹی ملازمین ہیں ۔ اس وجہ سے سائبر آباد ٹریفک پولیس انہیں سوشیل میڈیا کے ذریعہ ٹریفک کی صورتحال کے بارے میں الرٹ کررہے ہیں اور انہیں متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں ۔ سائبر آباد ٹریفک پولیس میسجنگ سرویس کے ذریعہ الرٹ کرنے کے باوجود کئی لوگوں کو متبادل راستوں کا علم نہیں ہے ۔ لیکن ٹریفک کے مسائل دور نہیں ہورہے ہیں ۔ ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے آئی ٹی ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ آفس کو گاڑیوں پر آنے کے بجائے آر ٹی سی بس ، میٹرو ٹرین کا استعمال کریں ۔ جس سے انہیں بھی سہولت ہوگی اور ایک حد تک ٹریفک کا مسئلہ بھی ختم ہوجائے گا ۔۔ ش