آئی پی ایل سٹہ بازی : 23 بکیز گرفتار، 93لاکھ روپئے ضبط

   

حیدرآباد۔29ستمبر(یواین آئی) شہرحیدرآباد میں آئی پی ایل کی سٹہ بازی کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ سائبر آباد اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) پولیس نے ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سٹی بازی کرنے والے بکیز کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیفن رویندرا نے کہا کہ مصدقہ اطلاع پر میاں پور، باچوپلی، گچی باولی سمیت سات مقامات پر پولیس نے دھاوے کئے اور 23بکیزکو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 93لاکھ روپئے کی رقم ضبط کی۔جملہ 2.2کروڑروپئے کا سامان بھی ضبط کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ گوگل کے موبائل ایپ کے ذریعہ یہ گروہ بٹنگ قبول کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بٹنگ چار سطحوں پر کی جارہی تھی۔اصل بکی کے معاون کے طورپر تین دیگر بکیز کام کررہے تھے ۔موبائل ایپ کے ذریعہ معلومات حاصل کرتے ہوئے سٹہ بازی کا کام کیاجارہا تھا۔ ممبئی،گوا، دبئی میں ان کے نٹ ورک کا پتہ چلا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ایپ کو ختم کرنے کے لئے گوگل سے خواہش کی گئی ہے اور اس خصوص میں ایک مکتوب اس کو روانہ کیاگیا ہے ۔انڈین پریمئر لیگ کے میچس دوبئی میں جاری ہیں اور ان میچس پر شہر میں سٹہ بازی کا بازار گرم ہے۔