آئی پی ایل منسوخ نہیں ہوا انعقاد کی ہر ممکن کوشش جاری :گنگولی

   

کولکتہ۔11 جون(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ملک میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے سال 2020 ایڈیشن کے انعقاد کے ہر طریقے پر سنجیدگی کے ساتھ غور و خوص کررہی ہے اس میں آئی پی ایل کو خالی اسٹیڈیمز میں منعقد کروانا بھی شامل ہے ۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے کھلاڑیوں سمیت تمام متعلقین کو اشارہ دیا ہے کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) منسوخ نہیں ہوا ہے اور اس کے13 ویں ایڈیشن کے انعقاد کی امید روشن ہے ۔گنگولی نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود اس معطل مقابلہ کے انعقاد کے لئے تمام اختیارات پر غور کیا جارہا ہے ۔ گنگولی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بورڈ کے اجلاس کے بعد ریاستی اسو سی ایشنزکو یہ خط ارسال کیا ہے جس میں یہ تجویز ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر آئی پی ایل کے انعقاد کے لئے پرامید ہیں۔ ہندوستان میں کوویڈ 19 وبائی بیماری کے سبب اب تک 8000 سے زیادہ افراد فوت ہوچکے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا۔گنگولی نے لکھا کہ بی سی سی آئی اس سال آئی پی ایل ایونٹ کے لئے ہر ممکن طریقے پر کام کر رہی ہے جس میں خالی اسٹیڈیم میں کھیلنا بھی شامل ہے اور اگر ہمیں بند دروازوں (خالی اسٹیڈیم) کے اندر بھی آئی پی ایل کروانا ہے تو ہم اس کا اہتمام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شائقین ، فرنچائزز ، کھلاڑی ، براڈکاسٹر ، اسپانسر اور تمام متعلقین رواں سال آئی پی ایل کے انعقاد کے امکان کے خواہاں ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ حال ہی میں ہندوستان اور آئی پی ایل میں حصہ لینے والے دوسرے ممالک کے کھلاڑیوں نے اس سال کے آئی پی ایل کا حصہ بننے کی بے تابی کا مظاہرہ کیا۔ ہم آئی پی ایل ایونٹ کے بارے میں پرامید ہیں اور بی سی سی آئی جلد ہی فیصلہ لے گی۔ یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ اگر ٹی20 ورلڈ کپ پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق آسٹریلیا میں نہیں ہوتا ہے تو اس وقت آئی پی ایل کا انعقاد ہوسکتا ہے ۔ آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے مستقبل سے متعلق فیصلے کو آئندہ ماہ تک ملتوی کردیا ہے ۔