آئی پی ایل نیلامی میں سراج ، سرفراز اور سمیع پر نظریں

   

نئی دہلی ۔ آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی کا اعلان کردیاگیا ہے۔ کئی دنوں کے انتظار کے بعد یہ واضح ہوگیا ہے کہ نیلامی مسلسل دوسرے سال ہندوستان سے باہر ہوگی۔ گزشتہ سال منی نیلامی دبئی، متحدہ عرب امارات میں ہوئی تھی، اس بار میگا نیلامی اس کے پڑوسی ملک سعودی عرب کے بڑے شہر جدہ میں ہوگی۔ بی سی سی آئی نیلامی کی تفصیلات کا اعلان کردیا۔ ہر بار کی طرح اس بار بھی میگا نیلامی 2 دن تک جاری رہے گی اور24 اور 25 نومبر کو منعقد کی جائے گی۔ اس بار نیلامی بڑی ہونے جارہی ہے کیونکہ نیلامی کیلئے جملہ 1574 کھلاڑیوں نے اپنے نام دیئے ہیں جن میں سے صرف 204 کھلاڑی ہی خوش نصیب ہوں گے جنہیں ٹیمیں منتخب کریں گی۔ بی سی سی آئی نے میگا نیلامی سے متعلق تمام اہم تفصیلات کا اعلان کیا۔ آئی پی ایل کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ میگا نیلامی 24 اور 25 نومبر کو جدہ میں مکمل ہوگی۔ اس نیلامی کے لیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 4 نومبر تھی جس کے مکمل ہونے کے بعد بورڈ نے اگلے ہی روز یہ اعلان کردیا۔ نیلامی میں حصہ لینے والے 1574 کھلاڑیوں میں سے 1165 ہندوستانی اور409 غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرچکے محمد سراج ، سرفراز خان اور محمد سمیع پر نظریں مرکوز ہوں گی۔ اس بار نیلامی کے لیے جن 1574 کھلاڑیوں نے اپنے نام پیش کیے ہیں، ان میں سے کل 320 معروف کھلاڑی ہیں۔ یہ وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلی ہے۔ اسی طرح وہ کھلاڑی جنہوں نے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو نہیں کیا، انہیں ان کیپڈ یا غیر معروف کھلاڑی کہا جاتا ہے۔ اس بار نیلامی میں 1224 ان کیپڈ کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ان کے علاوہ اسوسی ایٹ ٹیموں کے 30 کھلاڑی بھی حصہ لے رہے ہیں جن کا تعلق متحدہ عرب امارات، امریکہ، اسکاٹ لینڈ، ہالینڈ، کینیڈا اور اٹلی سے ہے۔ آئی پی ایل کی پریس ریلیز کے مطابق کل 48 کیپڈ ہندوستانی کھلاڑی نیلامی میں حصہ لیں گے جبکہ کل 965 ان کیپڈ ہندوستانی کھلاڑی اس کا حصہ ہوں گے۔ 104 ان کیپڈ انٹرنیشنل کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے فائنل میں ہندوستان سے ہارنے والے جنوبی افریقہ کے 91 کھلاڑی نیلامی کا حصہ ہوں گے، جو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیموں سے زیادہ ہیں۔ آسٹریلیا سے جملہ 76 کھلاڑی میدان میں اُتریں گے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ پہلی بار اٹلی کے کسی کرکٹر نے بھی نیلامی کے لیے رجسٹریشن کروایا ہے۔ مختلف ممالک سے نیلامی میں موجود کھلاڑیوں کی تعداد یہ ہے ۔افغانستان۔ 29، آسٹریلیا۔76، بنگلہ دیش۔ 13، کینیڈا۔ 4، انگلینڈ۔ 52، آئرلینڈ۔ 9، اٹلی۔ 1، نیدرلینڈز۔ 12، نیوزی لینڈ۔ 39، اسکاٹ لینڈ۔ 2، جنوبی افریقہ۔ 91، سری لنکا۔ 29، امارات۔1،امریکہ ۔ 10، ویسٹ انڈیز ۔ 33،زمبابوے۔ 8۔