آئی پی ایل کے بائیکاٹ کی دھمکی

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے چین کی موبائل کمپنی ویوو سے ٹائٹل اسپانسرشپ جاری رکھنے سے متعلق فیصلے سے ناراض راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) سمیت کئی تنظیموں نے آئی پی ایل کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی ہے ۔ سنگھ سے وابستہ تنظیم سودیشی جاگرن منچ نے کہا ہے کہ ایک طرف ہندوستانی فوجی سرحد کے ساتھ چین کا مقابلہ کررہے ہیں۔ وہ ملک کے لئے اپنی جانیں دے رہے ہیں۔ ہم اپنے فوجیوں کی حمایت کرتے ہوئے چینی کمپنیوں اور ان کے سامان کا بائیکاٹ کررہے ہیں۔ ایسی صورتحال میں بی سی سی آئی نے معاہدے کو جاری رکھتے ہوئے ہندوستانی فوجیوں کی توہین کی ہے ۔ اگر یہ معاہدہ نہیں توڑاگیا تو ہم آئی پی ایل کا بائیکاٹ کریں گے ۔سودیشی جاگرن منچ کے قومی جوائنٹ کنوینر اشونی مہاجن نے کہا کہ ہم آئی پی ایل کے منتظمین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو حب الوطن جو چینی کمپنیوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں وہ غلط طور پر متاثر ہوں گے ۔یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ملک سے زیادہ کچھ نہیں یہاں تک کہ کرکٹ بھی نہیں ہے ۔ ویوو آئی پی ایل کا ٹائٹل اسپانسر ہے جو ہر سال معاہدے کے طور پر بی سی سی آئی کو440 کروڑ روپے دیتا ہے ۔ آئی پی ایل کا کمپنی کے ساتھ 5 سالہ معاہدہ2022 میں ختم ہوگا۔ بی سی سی آئی نے ملک بھر میں چینی کمپنیوں کی شدید مخالفت کے باوجود اپنے معاہدے کو جاری رکھا ہے ۔یادرہے کہ سرحد سے چین کی دراندازی کے بعد دونوں ممالک کے حالات کشیدہ ہیں۔