آئی پی ایل کے منعقد ہونے کا امکان نہیں : راجیو شکلا

   

موجودہ حالات میں کوئی بھی مقابلہ ممکن نہیں

نئی دہلی۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل ) کو پہلے ہی 15 اپریل تک ملتوی کردی گیا ہے لیکن ملک کے موجودہ حالات کے مد نظراس کے انعقاد امکان نہ کے برابرہی نظر آرہا ہے۔ آئی پی ایل کے سابق چیئرمین راجیو شکلا نے بھی اس کا اشارہ دیا ہے کہ 15 اپریل کے بعد بھی آئی پی ایل کا انعقاد نہیں ہوگا۔ راجیو شکلا نے کہا کہ ایسا سننے میں آرہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے وقت کو بڑھایا جاسکتا ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے توآئی پی ایل کا انعقاد ممکن نہیں لگتاہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ترجیح اس وبا سے لڑنا اور لوگوں کو بچانا ہے۔ یہ سب حکومت پر منحصر ہوگا کہ وہ کیا فیصلہ لیتی ہے۔ یہ سوال پوچھنے پر کہ اگر ٹورنمنٹ کا انعقاد ہوتا ہے توکیا غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے پائیں گے تو اس کے جواب میں راجیو شکلا نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی میچ ممکن نہیں ہے اور ویسے بھی غیر ممالک کے ہندوستان آنے پر پابندی لگی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شعیب اختر کے اس بیان کو مذاق بتایا جس میں انہوں نے فنڈ کیلئے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تین ونڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کی بات کہی تھی۔ شعیب کے مطابق اس سیریز سے ہوئی کمائی کا استعمال کوروناوائرس سے جنگ لڑنے میں کیا جائے گا۔اس سے پہلے آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن 11 مارچ کو مرکزی حکومت نے تمام ویزا کو 15 اپریل تک کے لئے معطل کردیا۔ اس وقت ملک میں یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، 591 نئے معاملات سامنے آئے ہیں کئی اموات ہوچکی ہیں۔یاد رہیکہ آئی پی ایل کو بند میدانوں میں کروانے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔