آبادی میں اضافہ کو روکنا ضروری‘ دہشت گردی بڑا چیلنج :مودی

,

   

جموں و کشمیر کے لوگوں کی آرزوؤں کو پورا کریں گے، نئی نسل کو درپیش چیلنجوں کا تذکرہ، یوم آزادی پر وزیراعظم کا خطاب

نئی دہلی ۔ /15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر آج لال قلعہ پر ترنگا لہرانے کے بعد قوم سے خطاب میں کہا کہ ان کا اپنا کوئی ’’شخصی یا ذاتی ایجنڈہ ‘‘ نہیں ہے ۔ عوام نے انہیں جو خط اعتماد دیا ہے اور جو ذمہ داری سونپی، وہ اسی کی تکمیل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کی آرزوؤں کو پورا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ آرٹیکل 370 اور 35A کی برخاستگی کے بعد اب ملک کا صرف ایک دستور ہوگیا۔ مودی نے رشوت ستانی اور بدعنوانی کے بارے میں کہا کہ بدعنوانی اور رشوت ستانی ہماری زندگیوں کا حصہ بن چکی ہیں اور وہ دیمک کی طرح انہیں چاٹ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عصری ٹکنالوجی کی مدد سے اسے ختم کرنے کے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اقرباء پروری پر بھی نکتہ چینی کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کو یہ واضح پیغام دیا کہ ہندوستان دہشت گردی کی مدد کرنے والوں، اسے سہارا دینے والوں اور اسے دوسرے ممالک کو منتقل کرنے والوں کا پردہ فاش کرتا رہے گا ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں بنگلہ دیش ، سری لنکا اور افغانستان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کو ایک بم سے تشبیہ دی اور اس پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے آنے والی نسلوں کے لئے بھی کئی چیلنج پیدا ہوجائیں گے۔ انہوں نے مرکز اور ریاستوں سے کہا کہ وہ آبادی میں اضافے کو روکنے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہم ملک کو درپیش چیلنجوں کا مل کر سامنا کریں ۔ انہوں نے چھوٹے خاندان یا چھوٹے چھوٹے کنبوں کی وکالت کی۔ /19 اگست کو افغانستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے والے ہیں ۔ مودی نے افغانستان کے عوام کو اس کی مبارکباد دی۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں بھی یوم آزادی تقاریب پورے جوش و مسرت کے ساتھ منائی گئیں ۔ متعلقہ گورنرس اور چیف منسٹروں نے ترنگا لہرایا اور حاضرین سے خطاب کئے۔