تہران : 16 اگست ( یو این آئی ) ایران نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے، آبنائے ہرمز کو امریکی سرزمین قرار دینیکے ارادے پرمبنی، بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ یہ اہم بحری راستہ ایران کی ملکیت تھا، ہے اور رہے گا۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا ایکس سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ”آبنائے ہرمز ایران کی تھی، ایران کی ہے اور ایران کی ہی رہے گی۔ یہ آبنائے صرف ایران کی ہدایت پر کھولی اور بند کی جاتی ہے۔”واضح رہے کہ ٹرمپ نے جمعہ کے روز نیویارک میں منعقدہ ایک ریلی سے خطاب میں دعویٰ کیا تھا کہ امریکہ کے ایران کو شکست دینے کے بعد “بہت جلد آبنائے ہرمز کو امریکی سرزمین قرار دے دیا جائے گا۔” تاہم بعد میں وائٹ ہاؤس کے ایک نامعلوم عہدیدار نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ ٹرمپ نے یہ بات مذاق کے طور پر کہی تھی۔گزشتہ ہفتے ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار محمد باقر ذوالقدر نے آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے کے لیے کچھ شرائط پیش کی تھیں۔ ان میں شرائط میں “ایران اور لبنان، فلسطین، یمن اور عراق میں اس کے اتحادیوں کے خلاف جنگ اور حملوں کا خاتمہ، پابندیوں کا خاتمہ اور جنگی ہرجانے کی ادائیگی” جیسی شقیں شامل تھیں۔