آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ہیلی کاپٹر حادثہ، پائلٹس محفوظ

   

تہران ۔ 9 جون (ایجنسیز) آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فوج کا ایک اے ایچ۔64 اپاچی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ ہیں۔ امریکی فوج کا ایک اپاچی ہیلی کاپٹر اسٹریٹیجک لحاظ سے اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اس میں سوار عملے کے دو ارکان اس واقعہ کے بعد ’’ٹھیک‘‘ ہیں۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز خطہ میں ایران کی جانب سے سخت نگرانی اور دباؤ کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ حادثہ کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ مشرقِ وسطیٰ میں منگل کی صبح تک اس واقعہ پر غیر یقینی صورتحال برقرار رہی، جبکہ خطہ پہلے ہی ایران اور اسرائیل کے درمیان ایک روز قبل ہونے والے شدید حملوں کے تبادلے کے بعد کشیدگی کا شکار ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے غیر ملکی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے حادثے کی تصدیق کی، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ صدر ٹرمپ نے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹس محفوظ ہیں، کوئی زخمی نہیں ہوا۔ کل اس حوالے سے مکمل رپورٹ جاری کی جائے گی۔