آبی مسائل پر کے سی آر کو اسمبلی میں مباحث کیلئے ریونت ریڈی کی دعوت

   

Ferty9 Clinic

اسمبلی اجلاس کا 2 جنوری سے آغاز، بی آر ایس دور حکومت میں تلنگانہ سے آبی ناانصافی کا الزام
حیدرآباد ۔ 22۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ اسمبلی میں دریاؤں کے پانی کے مسئلہ پر مباحث میں حصہ لینے کا چیلنج کیا۔ میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ 2 جنوری سے اسمبلی کے سرمائی سیشن کا آغاز ہوگا، لہذا کے سی آر کو اسمبلی پلیٹ فارم پر مباحث میں شریک ہونا چاہئے۔ کے سی آر کے بیان پر تبصرہ میں ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس دور میں تلنگانہ کے ساتھ آبی تقسیم کے معاملہ میں سنگین ناانصافی ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آندھراپردیش کو زائد پانی کی سربراہی کے معاہدہ پر دستخط کرکے کے سی آر نے تین اضلاع کے پروانہ موت پر دستخط کئے تھے۔ تلنگانہ میں آندھر اپردیش کو 512 ٹی ایم سی سربراہ کرنے کی اجازت دی جبکہ تلنگانہ میں صرف 299 ٹی ایم سی پانی حاصل کیا۔ کے سی آر دور حکومت میں پالمور رنگا ریڈی کی ناقص رپورٹ مرکز کو پیش کی گئی جسے مسترد کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کو 299 ٹی ایم سی پانی الاٹمنٹ کے حق میں دستخط کئے تھے۔ موجودہ کانگریس حکومت گوداوری میں 71 فیصد آبی حصہ داری کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرکے کے سی آر عوام کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ کے سی آر پر 10 برسوں میں تلنگانہ کو مالی بحران کا شکار بنانے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں دریائے کرشنا پر ایک بھی پراجکٹ تعمیر نہیں کیا گیا۔ سابق چیف منسٹر نے کنٹراکٹر سے بھاری کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے کے سی آر پر چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو کے اشارہ پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کی مخالفت کرنے والے ہرش وردھن ریڈی کو کے سی آر نے بی فارم حوالے کیا۔ کے سی آر کی بہتر صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے انہیں اسمبلی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اس بات کی ضمانت دیتے ہیں کہ اسمبلی اجلاس میں کے سی آر کے ساتھ کوئی توہین نہیں ہوگی ۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کی وراثت کیلئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ میں ٹکراؤ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت اور 5300 کروڑ کے اثاثہ جات پر ہریش راؤ کی نظریں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فرزند اور بھانجے میں ٹکراؤ کے سبب کے سی آر عوام کے درمیان آچکے ہیں۔1