ہر گھر میں بیکنگ سوڈا رکھیں، محبوب نگر میں شعور بیداری پروگرام سے کلکٹر کا خطاب
محبوب نگر /25 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ہر فرد اپنے اپنے گھر میں 4.5 کیلو بیکنگ سوڈا رکھیں تاکہ آتشزدگی کے حادثات سے بچاجاسکے ۔ یہ مشورہ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ نے دیا ۔ آتشزدگی حادثات میں محفوظ رہنے کیلئے عوام میں شعور بیداری کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ وہ جدید کلکٹریٹ کے احاطہ میں جڑچرلہ پولے پلی سیز کے ایس وی کے ایم اسکول کے طلباء کی طرف سے آگ حادثات سے بچاؤ کیلئے مظاہرہ کیا گیا ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ آتشزدگی کے زیادہ تر حادثات باورچی خانوں ، کارخانوں وغیرہ میں ہوتے ہیں ۔ انہوں نے فائر ڈپارٹمنٹ کے اشتراک سے ایس وی کے ایم کے طلباء کے کامیاب مظاہرہ پر مبارکباد دی ۔ ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ پرجاوانی پروگرام میں شرکت کرنے والے افراد میں شعور بیداری کے مقصد سے یہ پروگرام ترتیب دیا گیا تھا ۔ انہوں نے فائر ڈپارٹمنٹ آفیسر سدھاکر کو یوم جمہوریہ کے موقع پر پریڈ گراؤنڈ میں دوبارہ اس پروگرام کے انعقاد کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر وائی نندلال پوار ، سیتاراما راؤ ضلع عہدیدار اور ایس وی کے ایم اسکول کے اساتذہ موجود تھے ۔