آتشزدگی کے واقعات پر جلد از جلد قابو پانے خصوصی ایپ کی تیاری

   

محکمہ پولیس اور محکمہ فائر کا مشترکہ پراجکٹ ، عوامی شکایت کو دور کرنے کا اہم فیصلہ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : محکمہ فائر اور محکمہ پولیس نے شہر کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پر فائر انجن بروقت تیزی سے نہ پہونچنے کی شہریوں سے شکایت وصول ہونے کے بعد آگ پر فوری قابو پانے اور فائر انجن کے تیزی سے پہونچنے کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ایپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایپ کی تیاری کے لیے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ۔ شہر میں اگر کہیں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آتا ہے وہ مقام صرف دو کلو میٹر دور ہونے کے باوجود ٹریفک جام کی وجہ سے اس مقام تک پہونچنے کے لیے فائر انجن کو 15 تا 20 منٹ کا وقت لگ رہا ہے ۔ اس دوران آگ بے قابو ہورہی ہے جس سے جانی مالی نقصانات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ان تمام مسائل کی یکسوئی کرنے کے لیے خصوصی ایپ تیار کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے ۔ خصوصی ایپ ایسی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا ۔ اس خصوصی ایپ میں جہاں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اس کی تفصیلات درج کرنے پر ایپ اس علاقہ کی جیوٹیاگنگ کرے گا ۔ فوری ٹریفک پولیس کی جانب سے اس علاقہ کا نقشہ ، ٹریفک جام اور آس پاس کے علاقوں میں ٹریفک گاڑیوں کی نقل و حرکت کو ایپ سے مربوط کردیا جاتا ہے ۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں اور فائر انجن کو مقام حادثہ تک پہونچنے کے لیے عملہ کے موبائل فونس میں جی پی ایس فعال ( ایکٹویٹ ) ہوجاتا ہے ۔ جیسے ہی فائر ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار ٹریفک پولیس کو ایپ کے ذریعہ دکھائے گئے راستوں کی وضاحت کرتے ہیں اور وہ فوری چوکنا ہوجاتے ہیں اور فائر انجن کے گذرنے کے راستوں میں ٹریفک جام نہ ہو اس کا خیال رکھتے ہوئے احتیاطی اقدامات کرتے ہیں ۔ کرناٹک کے بنگلور میں اس طرح کا ایپ کامیاب ہے ۔ جس سے متاثر ہو کر محکمہ فائر اور محکمہ پولیس نے عوام کی جان و مال کو بچانے اور حادثاتی مقامات پر جلد از جلد پہونچنے کیلئے اس طرح کا خصوصی ایپ تیار کررہے ہیں ۔۔ ن