لیفٹننٹ گورنر آئینی ذمہ داری پوری کریں یا عہدہ چھوڑ دیں: چیف منسٹر دہلی
نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ آتشی نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ پر پانی کے معاملہ پر سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ یا تو اپنی آئینی ذمہ داری پوری کریں یا اپنے عہدہ چھوڑ دیں۔آتشی نے آج لیفٹیننٹ گورنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ یہ خط 28 جنوری کو آپ کے دفتر سے موصول ہونے والے خط کے جواب میں ہے ۔ یہ بہت مایوس کن ہے لیکن حیرت کی بات نہیں ہے کہ آپ نے دہلی کے پانی میں خطرناک حد تک امونیا کی مقدار کے معاملے کو سلجھانے کے بجائے بغیر کسی بنیاد کے الزامات لگائے ہیں اور اپنی ذمہ داریا ادا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہنے اور توجہ ہٹانے کے لئے جھوٹا پروپیگنڈہ کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے آپ کی آئینی ذمہ داری دہلی کے لوگوں کے تئیں ہے نہ کہ آپ کے سیاسی آقاؤں اور بی جے پی کے تئیں۔ آپ نے آئین اور قانون کی حفاظت، انہیں مضبوط رکھنے اور دہلی کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنے کا حلف لیا تھا۔ تاہم، آپ کے کام سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ کی بنیادی ترجیح بی جے پی کے احکامات پر عمل کرنا ہے نہ کہ آئین یا دہلی کے لوگوں کے مفادات کی حفاظت کرنا۔