شکاگو میں سڑک حادثہ ‘ خیریت آباد کے نوجوان محمد واجدجاں بحق

   

حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) امریکہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں حیدرآباد ی نوجوان محمد واجد جاں بحق ہوگئے۔ خیریت آباد‘ ایم ایس مقطعہ کے ساکن محمد واجد چار سال قبل اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ روانہ ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق چہارشنبہ کی صبح شکاگو میں سڑک حادثہ میں ان کی موت واقع ہوگئی جس کی افراد خاندان کو اطلاع دی گئی۔ واجد نے تعلیم کے ساتھ ساتھ پارٹ ٹائم ملازمت اختیار کی تھی اور کافی محنت کرتے ہوئے اپنے خاندان کی مدد کررہے تھے۔ واجد کا تعلق کانگریس پارٹی سے ہے اور وہ خیریت آباد ڈیویژن کے یوتھ لیڈر تھے۔ وہ این آر آئی کانگریس میں میناریٹیز ونگ کے سرگرم کارکن بھی تھے۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی افراد خاندان‘ دوست احباب ا ور رشتہ داروں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ واجد کے افراد خاندان سے رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور کانگریس کے دیگر قائدین نے ملاقات کی اور افسوس کا اظہار کیا۔ واجد کے دوست احباب کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خاندان کی مدد کیلئے کافی جدوجہد کررہے تھے۔ وہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے بھی ملاقات کرچکے ہیں جس کی تصویر دوست احباب نے وائرل کی ہے۔ واجد کی نعش حیدرآباد منتقل کرنے کیلئے ہندوستانی سفارتی حکام سے مدد حاصل کی جارہی ہے۔ نوجوان کی اچانک موت نے خاندان پر غم کا پہاڑ توڑ دیا ہے اور سارے علاقہ میں غم کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔1