کئی سیاسی قائدین و فلمی ستاروں کو شرکت کی دعوت
حیدرآباد 19 مئی ( سیاست نیوز ) سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش و بانی تلگودیشم پارٹی این ٹی راما راؤ کی صدی تقاریب کا 20 مئی کو بڑے پیمانے پر انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ اس تقریب میں کثیر تعداد میں عوام اور قائدین کی شرکت کا امکان ہے ۔ مہمانوں کی فہرست بھی طویل بتائی گئی ہے ۔ صدر تلگودیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو اور این بالا کرشنا نے تقریب میں شرکت کیلئے سینئر قائدین بنڈارو دتاتریہ ‘ ڈی راجہ ‘ سیتارام چیوری ‘ ڈی پورندیشوری ‘ جیہ پردا وغیرہ کو بھی مدعو کیا ہے ۔ اس کے علاوہ فلمی شخصیتوں پون کلیان ‘ وینکٹیش ‘ پربھاس ‘ الو ارجن ‘ کلیان رام ‘ مرلی موہن ‘ سمن ‘ شیوا راجکمار ‘ کے راگھویندرا راؤ ‘ اشونی دت ‘ جی آدی شیشاگری راؤ اور دوسروں کو بھی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے ۔ این ٹی آر صدی تقاریب کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی میں کیتھالا پور گراونڈ پر منعقد ہونگی ۔ پون کلیان ‘ پربھاس ‘ الو ارجن اور دوسروں کا ایک اسٹیج پر آنا حالیہ وقتوں میں شاذ و نادر ہی رہا ہے ۔ سارا نندوموری ( این ٹی آر کا ) خاندان تقریب میں موجود رہے گا ۔
جونئیر این ٹی آر کی شرکت کا امکان نہیں
اس دوران کہا گیا ہے کہ جونئیر این ٹی آر کی این ٹی راما راؤ صدی تقاریب میں شرکت کا امکان نہیں ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ جونئیر این ٹی آر 20 مئی کو ہی اپنی سالگرہ منانے دوست احباب اور افراد خاندان کے ساتھ ماریشس جانے والے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ذرائع نے بتایا کہ اداکار نے این ٹی آر ساونیر کمیٹی کنوینر و سابق ایم ایل سی ٹی ڈی جناردھن کو مطلع کردیا ہے کہ وہ ماریشس کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں اور یہ پروگرام بہت پہلے سے تیار ہوچکا ہے ۔ تاہم یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے دورہ ماریشس کے پروگرام میں تبدیلی اور اپنے دادا کی صدی تقاریب میں شرکت کی کوشش کا وعدہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پروگرام میں شرکت کی حتی المقدور کوشش کریں گے ۔ جناردھن نے توثیق کی کہ جونئیر این ٹی آر 20 مئی کو حیدرآباد میں این ٹی آر صدی تقاریب میںشرکت کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ جونئیر این ٹی آر کا دورہ ماریشس کا پروگرام طئے ہے لیکن وہ اس میں تبدیلی بھی کرسکتے ہیں۔