آج جشن عید میلاد النبیﷺ

   

شہر میں زیارات آثار مبارک ‘ خون کے عطیہ کیمپس کا انعقاد
حیدرآباد 4 ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں عیدمیلاد النبی ﷺ کا 5ستمبر جمعہ تزک و احتشام کے ساتھ انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور عید میلاد النبیﷺ 12 ربیع الاول کو شہر کے مختلف مقامات پر زیارات آثار مبارک ؐ‘ محافل نعت شریف ‘ محافل درود اور خون کے عطیہ کیمپ و دیگر تقاریب کے ذریعہ جشن میلادؐ کا اہتمام کیا جائیگا۔ شہر کی تاریخی مکہ مسجد اور کچھ دوسری مساجد میں خطبہ میلاد ؐ کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔ خطیب و امام شاہی مسجد باغ عامہ مولانا احسن بن عبدالرحمن الحمومی کی نگرانی میں کتب خانہ آصفیہ افضل گنج کے علاوہ عید گاہ بالامرائی سکندرآباد میں خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا جائیگا ۔ شہر کے دیگر مقامات پر بھی مختلف تنظیموں و اداروں کی جانب سے خون کے عطیہ کا کیمپ و میڈیکل کیمپ منعقد کرکے جش آمد مصطفی ﷺ منعقد کیا جائے گا۔ تنظیم ارشاد المسلمین اور تنظیم فوکس سے خون کے عطیہ کیمپ میں نوجوانوں سے حصہ لینے کی اپیل میں مولانا احسن الحمومی نے کہا کہ عید میلادﷺ کے موقع پر انسانیت کی خدمت کے ذریعہ آقائے نامدار ﷺ کی تعلیمات کو عام کیا جاسکتا ہے اور ماہ ربیع المنور کے دوران نوجوانوں میں جذبہ حب رسولﷺ اور تعلیمات نبوی ؐ سے واقف کروانا ہی دراصل جشن آمد رسولﷺ ہے۔انہوں نے بتایاکہ کیمپ میں عطیہ خون معصوم بچوں و دیگر مریضوں کو دیا جائیگا۔ اس کے علاوہ انسان فاؤنڈیشن سے جناب عثمان محمد خان کی نگرانی میں پرائم فنکشن ہال ملے پلی میں 12 ربیع الاول جمعہ صبح 10 بجے تا 5بجے شب خون کا عطیہ کیمپ منعقد کیا جائے گا۔انسان فاؤنڈیشن کا یہ 14واں سالانہ بل ڈونیشن کیمپ ہے جبکہ فوکس تنظیم کا 16 واں خون کا عطیہ کیمپ ہے ۔3