حیدرآباد 31 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سوشیل نیٹ ورک کا معروف ایپ واٹس اپ 31 ڈسمبر سے کچھ مخصوص اسمارٹ فونس پر کام نہیں کر رہا ہے ۔ فیس بک کی ملکیت والے پیام رسانی پلیٹ فارم واٹس اپ کی جانب سے پہلے ہی نوکیا ‘ بلیک بیری ‘ اینڈرائیڈ اور آئی فونس کے کچھ ماڈلس پر خدمات کو روک دیا گیا تھا ۔ اب جبکہ 2019 ختم ہوچکا ہے واٹس اپ کی جانب سے ونڈوز فونس پر اپنی خدمات کو 31 ڈسمبر 2019 منگل سے بند کردیا گیا ہے ۔ یکم جنوری سے ایسے تمام فونس جو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر کام کر رہے ہوں ان پر واٹس اپ کام نہیںکریگا ۔ ان فونس کے مالکین اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں سے رابطے میں نہیں رہ سکیں گے ۔ ایسے میں جن لوگوں کے پاس اب بھی ونڈوز فون ہیں یا تو انہیں اپنے فونس کو تبدیل کرنا ہوگا یا پھر پیغام رسانی کے کسی اور ایپ کی تلاش کرنی ہوگی ۔ واٹس اپ نے اپنے سرکاری بلاگ میں ونڈوز فونس پر اپنی خدمات معطل کردینے کا اعلان کیا تھا ۔ اس بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم پر 31 ڈسمبر 2019 کے بعد سے واٹس اپ ایپ کام کرنا بند کردیگا ۔ کہا گیا ہے کہ ان فونس پر واٹس اپ ایپ کے فیچرس میں اضافہ کرنے اور انہیں وسعت دینے کی گنجائش نہیں ہے اس لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔