نئی دہلی۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ملک میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن میں پیر سے مزید راحت دی جارہی ہے اور اس کے تحت مذہبی مقامات کو بھی کھولا جارہا ہے ۔وزارت ثقافت نے ملک کے 820 یادگاری مقامات کو بھی کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں ؒوگ پوجا اور عبادت کرتے ہیں۔ان میں سب سے زیادہ 111 یادگاری مقامات اترپردیش میں ہیں جبکہ کرناٹک میں 75 ، مہاراشٹر میں 65،مدھیہ پردیش میں 60 ، گجرات میں 77 یادگاری مقام شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اترپردیش میں آگرہ کے 35، لکھنؤ کے 65 ،دہلی میں 14 اورجے پورمیں 20 ،ممبئی کے 14 ، چینائی کے 75 اورپٹنہ کے سات مقام بھی شامل ہے۔وزارت کی جانب سے آج یہاں جاری ریلیز کے مطابق ان یادگاری مقامات میں پوجا اور عبادت کے لئے لوگوں کی تعداد طے کی گئی ہے ۔ جمعہ کی نماز کے لئے بھی تعداد الگ سے طے کی گئی ہے ۔ان مقامات پر وزارت داخلہ اور وزارت صحت کی ہدایات پر عمل ہرکسی کے لئے لازمی ہوگا۔