سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ مجھے ہندوستان کا ٹٹو سمجھتے ہیں۔۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کشمیری یونیورسٹی آنے سے ڈر لگتا ہے کیونکہ طلبا ان کے حوالہ سے غلط فہمیوں میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ کشمیری عوام تقسیم ہوچکی ہے اگر انہیں ایک مضبوط قوم بننا ہے تو متحد ہونا ہوگا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کشمیر یونیورسٹی کے علامہ اقبال لائبریری کے آڈیٹیوریم میں قومی کونسل برائے اردو زبان کے زیراہتمام ایک تقریب سے خطاب کے دوران ان خیالات کااظہار کیا۔
انہو ں نے اس موقع پر کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمدسے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چانسلر صاحب مجھے آج ان طلبہ سے خطاب کرنے کا موقع ملا ہے۔ یہ میری سنتے بھی نہیں ہیں۔ یہ سمجھتے ہیں کہ فاروق عبداللہ ہندوستان کا ٹٹو ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ میں ایمانداری سے کہتا ہو ں کہ یہ خود کچھ نہیں کریں گے صرف نعرے لگائیں گے۔ دفعہ 370خطرہ میں ہیں کہیں گے اور خود اپنے گھروں میں بیٹھے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمان محفوظ نہیں ہیں۔ اگر ہمیں محفوظ بننا ہے تو ہمیں منظم اور متحد ہونا ہوگا۔