صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کا یوم آزادی کے موقع پر خطاب
نئی دہلی : ہندوستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر آپ سب کو میری دلی مبارکباد! 15 اگست 1947 کے دن ملک نے ایک نئی صبح دیکھی، اس دن ہم نے غیرملکی حکمرانی سے آزادی ہی حاصل نہیں کی،بلکہ ہم نے اپنی منزل کو ازسرنوتحریر کرنے کی بھی آزادی حاصل کی۔ مہاتما گاندھی اور متعددغیرمعمولی و دوراندیش شخصیتوں کی قیادت میں ہماری قومی تحریک غیر معمولی آدرشوں سے پُرتھی۔ گاندھی جی اور دیگر عظیم قائدین نے ہندوستان کی روح کو پھر سے بیدار کیا۔ ہندوستان، دنیا بھر میں ترقیاتی اور انسانی اہداف کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بھارت نے بین الاقوامی فورموں پربڑا مقام حاصل کیا ہے اور جی۔20 ملکوں کی صدارت کے فرائض کوبھی سنبھالاہے۔ جی۔20 کی صدارت کے ذریعہ ، ہندوستان، تجارت اور مالیات کے شعبوں میں ہورہے فیصلوں کو منصفانہ طریقے سے آگے لے جانے کی کوشش کررہا ہے۔ عالمی سطح پر افراط زر یعنی انفلیشن تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ لیکن حکومت اور ریزرو بینک اس پر قابو پانے میں کامیاب رہی ہے۔ عالمی معاشی ترقی کیلئے دنیاکی نگاہیں آج ہندوستان پر ٹکی ہوئی ہیں ، آج ہندوستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔ انتہائی درجے کا موسم ہم سب پر اثر انداز ہوتا ہے، لیکن ان کے اثرات غریبوں اور پسماندہ لوگوں پر زیادہ شدید طورپر مرتب ہوتے ہیں۔ شہر وں اور خاص طور پر پہاڑی علاقوں کو زیادہ لچکدار بنانے کی ضرورت ہے۔ایک اہم بات یہ ہے کہ لالچ کا رجحان ہمیں فطرت سے دور لے جاتا ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ بہت سی ایسی قبائلی برادریاں ہیں ، جو فطرت سے قریب اور اس کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر جی رہی ہیں۔ ان کی اقدار اور طرز زندگی کلائمیٹ ایکشن کیلئے گراں قدر سبق فراہم کرتے ہیں۔دنیا میں سب سے تیزی سے بڑھ رہی معیشت کے طور پر ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی سمت گامزن ہے۔