آدتیہ ٹھاکرے کی رہائش گاہ کے قریب ڈرون سے تشویش

   

Ferty9 Clinic

ممبئی، 9 نومبر (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے ممبئی میں اپنی رہائش گاہ کے قریب ایک مشتبہ ڈرون کی پرواز پر سخت تشویش ظاہر کی ہے ۔ اتوار کی صبح پیش آنے والے اس واقعے کے بعد ٹھاکرے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے بتایا کہ ایک ڈرون ان کے گھر کے اوپر چکر کاٹتا ہوا نظر آیا، جو بظاہر اُن کی نجی زندگی میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ ٹھاکرے کے مطابق، ڈرون ان کے گھر کے قریب کچھ دیر تک منڈلاتا رہا، جس سے ان کے اہل خانہ میں تشویش پیدا ہوئی۔ بعد ازاں جب اس معاملے کی میڈیا میں خبر پہنچی تو ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ایم آر ڈی اے ) نے وضاحت کی کہ مذکورہ ڈرون باندرہ کرلا کمپلیکس کے علاقے میں ایک سروے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا اور اسے ممبئی پولیس سے باقاعدہ اجازت حاصل تھی۔ تاہم آدتیہ ٹھاکرے نے اس وضاحت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر یہ محض ایک سروے تھا تو پھر رہائشی علاقے میں ڈرون بھیجنے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور عوام کو پیشگی اطلاع کیوں نہیں دی گئی۔