حیدرآباد۔یکم ؍ نومبر، ( سیاست نیوز) آدھار کارڈ کے محفوظ ہونے کے بارے میں سرکاری سطح پر یوں تو دعویٰ کیا جارہا ہے لیکن ہائیکرس کی جانب سے تفصیلات حاصل کرنے کا خطرہ برقرار ہے۔ ڈائرکٹر جنرلUIDAI ڈاکٹر آر ایس شرما جو 2018 میں پہلے ڈائرکٹر تھے انہوں نے فرنچ ہائیکر کو چیلنج کیا تھا کہ وہ آدھار کو ہائیک کرکے دکھائے۔ فرنچ ہائیکر بابٹز رابرٹ نے آدھار کارڈ کی سیکوریٹی کے بارے میں حکومت ہند سے سوال کیا تھا اور اس کا کہنا تھا کہ اسے آسانی سے ہائیک کیا جاسکتا ہے۔ ہائیکر کو چیلنج کرتے ہوئے ڈاکٹر شرما نے اپنا آدھار نمبر برسر عام کیا اور اسے ہائیک کرنے کا مشورہ دیا۔ ہائیکر نے آدھار سے مربوط فون نمبر پوسٹ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے سکریٹری کا نمبر استعمال کررہے ہیں۔ ہائیکر نے عہدیدار کی شخصی تصویر بھی پوسٹ کی۔ اس نے پیان نمبر پوسٹ کیا اور کہاکہ آدھار نمبر سے کوئی بینک اکاؤنٹ مربوط نہیں ہے۔ آدھار کارڈ کی سیفٹی پر عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔