تشدد کو ختم کرنے بھائی چارہ اور سماجی ذمہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دینے پر زور، کمشنر پولیس کی شہریوں کو مشورہ
حیدرآباد ۔ 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں پیش آرہے قتل کے واقعات اور خواتین و لڑکیوں کے ساتھ دھوکہ دہی، جنسی زیادتی اور سماج میں بڑھتی بے چینی پر کمشنر پولیس نے انوکھے انداز میں شہریوں سے درخواست کی ہے۔ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے اس دور میں قدیم روایات کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ معمولی بات پر جھگڑے، خاندانی تنازعات، گھریلو تشدد، اجنبی افراد پر خواتین اور لڑکیوں کا بھروسہ کرنا، حق تلفی، ناانصافی اور دھوکہ دہی ایسے واقعات کا تدارک قدیم روایات پر عمل آوری سے کم ہوگا۔ آپسی بھائی چارہ، ایک دوسرے سے ملاقاتیں، سماجی ذمہ داری کا احساس، خاندانی اقدار، رشتوں کی اہمیت اور ان کی قدر ان روایات پر عمل کرنے سے سماج کی برائی اور تیزی سے پھیل رہی مفاد پرستی کو کم کیا جاسکتا ہے۔ کمشنر پولیس نے لڑکیوں اور ان کے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنی اہمیت کو سمجھیں۔ پولیس مظالم کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور لڑکیوں اور خواتین کے حق میں رہے گی لیکن لڑکیوں کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہیکہ وہ اپنی اہمیت کو سمجھیں۔ کسی بھی اجنبی پر بھروسہ نہ کریں اور اپنی تصاویر کو کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فام پر شیئر نہ کریں۔ انہوں نے والدین سے بھی درخواست کی کہ وہ بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور ان کی زندگی کا حصہ بن جائیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی سی سجنار کی جانب سے ظاہر کی گئی فکر اور مشورے اور نصیحت کو کافی اہمیت دی جارہی ہے اور سماج کے ہر گوشہ سے اس کی سراہنا کی جارہی ہے۔ع
